
ترکیہ کی دفاعی صنعت میں ایک انتہائی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ملک کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل سسٹم ‘ تیفون’ کا کامیاب تجربہ کر لیا گیا۔
یہ میزائل دفاعی کمپنی ‘روکٹ سان’ نے تیار کیا ہے اور اس کا تیسرا تجربہ شمال مشرقی ترکیہ میں رائز-آرتوِن ایئرپورٹ سے پیر کے روز دوپہر 12 بج کر 37 منٹ (09:37 جی ایم ٹی) پر کیا گیا۔ اس سے قبل اکتوبر 2022 اور مئی 2023 میں بھی اسی مقام سے اس کا تجربہ کیا جا چکا ہے۔
میزائل کے دوسرے تجربے کے بعد مئی 2023 میں اس کی باقاعدہ پروڈکشن شروع کر دی گئی تھی۔ دفاعی ویب سائٹ ‘ڈیفنس ترک’ کے مطابق، تیفون ترکیہ کے میزائل ذخیرے میں سب سے زیادہ فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق، یہ دفاعی نظام گہرے اہداف کو نشانہ بنانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے اور 280 کلومیٹر (170 میل) دور تک موثر انداز میں پہنچ سکتا ہے، جب کہ اس کی زیادہ سے زیادہ حد 800 کلومیٹر (500 میل) تک ہے۔ اس میزائل میں پری فارمڈ فریگمنٹڈ وار ہیڈ نصب ہے، جو اس کی تباہ کن صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔
تیفون کی ہائپرسونک رفتار اسے فضائی دفاعی نظاموں سے محفوظ رکھتی ہے، جبکہ اعلی درستگی معیار کی بدولت کم سے کم سائیڈ افیکٹ ہوتا ہے۔ مزید برآں، اس میزائل میں اینٹی جیمنگ ٹیکنالوجی موجود ہے، جو اسے الیکٹرانک حملوں سے محفوظ رکھتی ہے۔