turky-urdu-logo

ترکیہ اور انڈونیشیا کا سلامتی، دفاع اور تجارت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ترکیہ اور انڈونیشیا نے سلامتی، دفاعی صنعت، معیشت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فدان اور وزیرِ دفاع یاشار گولر 9 جنوری کو انقرہ میں انڈونیشیا کے وزیرِ خارجہ سوگیونو اور وزیرِ دفاع سجا فری سجامسو الدین کے ساتھ مشترکہ اجلاس کریں گے۔

ذرائع کے مطابق، یہ ملاقات فروری 2025 میں منعقد ہونے والی ترکیہ–انڈونیشیا اعلیٰ سطحی کونسل کے فیصلوں کی روشنی میں منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد سیاسی تعلقات کے ساتھ ساتھ سلامتی، دفاعی صنعت، معیشت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا اور دفاعی صنعت میں حالیہ پیش رفت پر گفتگو کے ساتھ ساتھ مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کے تبادلے، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ ترک وزیرِ خارجہ اس بات پر زور دیں گے کہ دونوں ممالک کی قیادت کے مضبوط عزم نے دوطرفہ تعلقات کو نئی رفتار دی ہے۔ ترکیہ نے دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔

مزید برآں، دونوں فریقین عالمی اور علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ چونکہ ترکیہ اور انڈونیشیا او آئی سی اور عرب لیگ کے غزہ رابطہ گروپ کے رکن ہیں، اس لیے غزہ کے معاملے پر قریبی رابطہ اور ہم آہنگی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

Read Previous

صدر رجب طیب اردوان اور انور ابراہیم کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر زور

Read Next

صدر رجب طیب اردوان کی دیانت کے سربراہ ڈاکٹر صفی آرپاگوش سے اعلیٰ سطحی ملاقات، مذہبی و سماجی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال

Leave a Reply