ترکیہ میں عظیم الشان بحری جہاز ٹی سی جی انادولو کو ترک مسلح افواج کے اسلحہ خانے کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد کی گئی ۔ جس میں ترک وزیر برائے صنعت و ٹیکنالوجی مصطفیٰ وارانک نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ ترکیہ کی صنعت جو کسی زمانے میں چھوٹی چھوٹی چیزوں اور ٹیکنالوجیز کے لیے دوسرے ممالک کی محتاج تھی ، آج اس قابل ہو چکی ہے کہ ہماری ملکی طور پر تیار کردہ شاندار قومی سیٹلائٹ کی دھوم دنیا بھر میں ہے۔ اس کے نتیجے میں ہمیں جو سیاسی سطح پر فوائد پہنچیں گے ان کا تو ابھی ہمیں ادراک بھی نہیں ۔ اب ہم دنیا بھر سے کہیں بھی واضح تصاویر بنا سکتے ہیں ۔
ترک وزیر کا کہنا تھا کہ اس سیٹلائٹ کی تیاری ہر اعتبار سے ترکیہ کی انڈسٹری کا ہی کارنامہ ہے کیونکہ اس کا ڈیزائن ، پروڈکشن ، میٹیریل سب کچھ ترکیہ ہی میں تیار کیا گیا تھا۔ ہم نے سیٹلائٹ میں استعمال کیے جانے والے الیکٹرو آپٹیکل کیمرے OPMER کے ساتھ ٹیوبیٹیک میں تیار کیے اور اب ہم نے ان کیمروں کو پاکستان ایکسپورٹ کر دیا ہے۔
اس موقع پر ترکیہ کے سائنسی و ٹیکنالوجیکل ریسرچ کے ادارے ٹیوبیٹیک کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر حسن منڈل نے بتایا کہ ترکیہ کا پاکستان کے ساتھ معاہدہ چل رہا ہے ، اور ہم اپنے اتحادی دوست ملک کے لیے دو سیٹلائٹ کیمرے تیار کر رہے ہیں ۔
