
ترکیہ کے صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں پاکستان میں ووٹنگ کا آغاز ہوگیا۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ترک سفارت خانے، ترکیہ کراچی قونصلیٹ اور لاہور قونصلیٹ میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
6 مئی کو صبح 9 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا سلسلہ رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔ اور اسی طرح 7 مئی کو بھی صبح 9 سے رات 9 بجے تک ووٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔
پاکستان میں موجود ترک شہری اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ وہ پاکستانی بھی جن کے پاس ترک شہریت موجود ہے۔
پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی نے بھی صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
ترکیہ میں اننتخابات کا آغاز 14 مئی کو ہوگا۔ جبکہ بیرون ممالک میں مقیم ترک شہریوں کی جانب سے ووٹنگ کا سلسلہ دنیا بھر میں جاری ہے۔
ووٹرز چار صدارتی امیدواروں میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے۔
صدر رجب طیب ایردوان، محرم انجے، کمال کلچدار اولو، اور سینان اوغان میں سے کوئی ایک 14 مئی کو ترکیہ کے صدر منتخب ہونگے۔
دریں اثنا، 24 سیاسی جماعتیں اور 151 آزاد امیدوار ترک پارلیمان کی 600 نشستوں کے لیے میدان میں ہیں۔
تقریباً 3.41 ملین بیرون ملک مقیم ترک شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، جن میں تقریباً 278,000 افراد پہلی بار اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔