turky-urdu-logo

ترکیہ اور شام کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق

ترکیہ اور شامی حکام  نے  دمشق میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران کچھ مصنوعات پر کسٹمز ٹیرف کو دوبارہ سے جانچنے اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترکیہ کی وزارت تجارت کے مطابق، دونوں ممالک نے 2011 میں معطل ہونے والے آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے مذاکرات شروع کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔

گزشتہ ہفتے، شام نے ترک درآمدات پر کسٹمز ڈیوٹی میں 300فیصد سے 500فیصد تک اضافہ کیا تھا، جس کے باعث سرحدی گزرگاہوں پر ترک ٹرکوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ تاہم، وزارت تجارت نے وضاحت کی تھی کہ، نیا ٹیرف نظام صرف ترک مصنوعات کے لیے نہیں ،بلکہ تمام درآمدات پر یکساں طور پر نافذ کیا گیا ہے۔

جمعہ کو جاری بیان کے مطابق، ترک تجارتی وفد نے دمشق میں شامی حکام سے ملاقات کی، جس میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات، کسٹمز قوانین اور آئندہ تعاون کے لیے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترکیہ نے حال ہی میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام کی تعمیر نو اور اقتصادی بحالی میں مدد دینے کا وعدہ کیا ہے۔

2010میں ترکیہ اور شام کے درمیان تجارتی حجم2.3 بلینڈالرز تھا، جو 2011 کی جنگ کے بعد گر کر 2012 میں 565 ملین ڈالرز رہ گیا تھا۔ تاہم، 2024 میں ترکیہ نے شام کو 1.95 بلین ڈالرزکی مصنوعات برآمد کیں، جو کہ دوبارہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم تھا۔

 ملاقاتوں میں مخصوص مصنوعات پر ٹیرف کو سہولت دینے پر اتفاق کیا گیا ہےاور  صنعتی و زرعی مصنوعات کی تجارت، ٹرانزٹ اور نقل و حمل، اور تعمیراتی خدمات کو تعاون کے اہم شعبے کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

 شامی حکام نے ترک کمپنیوں کو شام کی تعمیر نو اور صنعتی شعبے کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی دعوت دی ہے۔ دونوں فریقین نے سرحدی گزرگاہوں پر تجارتی ٹریفک کے انتظام کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے تعاون کو مضبوط کرنے پربھی  اتفاق کیا۔

Read Previous

بائیڈن نے بیٹے کی سزا معاف کر دی، مگر پاکستان کے قیدی کی رہائی سے انکار کیا: اسلام آباد ہائیکورٹ

Read Next

 فلسطینی پناہ گزینوں کی ایجنسی کی غزہ میں انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار

Leave a Reply