turky-urdu-logo

ترکیہ انتخابات: صدر ایردوان نے آق پارٹی کے منشور کا اعلان کر دیا

دارالحکومت انقرہ میں صدر ایردوان نے اپنے 23 نکاتی انتخابی منشور کا اعلان کیا جس میں زلزلہ متاثرین کے زخم مندمل کرنے کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔

زلزلہ

صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ہر حملہ ، ہر آفت، ہر تکلیف جو ہم پر گزری ہے خاص طور پر 6 فروری کا زلزلہ، ان سب سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں اپنے اتحاد اور بھائی چارے کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم زلزلہ سے متاثرہ 11 صوبوں کے شہروں کی تعمیر نو بہت جلد مکمل کر لیں گے۔

صدر نے کہا کہ ہم کل 6 لاکھ 50 ہزار نئے مکانات تعمیر کر یں گے جن میں سے 3 لاکھ 19 ہزار گھر ایک سال کے اندر انکے مالکان کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

"قومی رسک شیلڈ ماڈل” کے ساتھ، انہوں نے مزید کہا کہ 81 شہروں کو زلزلے کے خطرات سے محفوظ بنائیں گے۔

ترکیہ کی صدی

آنے والے دور میں ترکیہ کو بلند کرنے کا عہد کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ترکیہ کے پاس مضبوط ہونے، مضبوط رہنے اور اپنی طاقت بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے تاکہ وہ دوبارہ سیاسی اور اقتصادی غلامی کے گڑھے میں نہ گرے۔

منشور میں معیشت، ماحولیات، خاندان، انصاف اور آزادی کے شعبے بھی شامل ہیں۔

معیشت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ترکیہ کا مقصد افراط زر کو سنگل ڈیجیٹ پر لانا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔ حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی اجرت کو بہتر بنائیں گے اور مہنگائی کم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ اپنی غیر ملکی تجارت کے حجم کو $1 ٹریلین تک پہنچانے کے ہدف تک پہنچنے تک سرمایہ کاری، پیداوار اور برآمدات جاری رکھے گا۔

صدر ایردوان نے کہا کہ آنے والے عرصے میں، 5.5 فیصد کی سالانہ شرح نمو کے ساتھ، ہم اس عرصے میں اپنی قومی آمدنی کو 1.5 ٹریلین ڈالر تک بڑھائیں گے، اور پھر اپنے بنیادی ہدف کو 2 ٹریلین ڈالر تک لے جائیں گے۔

پانچ سالوں میں 60 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرکے، ایردوان نے بے روزگاری کی شرح کو 7 فیصد تک کم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم خواتین اور نوجوانوں کے روزگار کو خصوصی اہمیت دیتے رہیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ 90 ملین سیاحوں اور سیاحت کی آمدنی میں 100 بلین ڈالر کے ہدف کے ساتھ سیاحت میں سرمایہ کاری کا فروغ کرے گا۔

ایردوان نے کہا کہ ترکیہ ایک ایسے وقت میں "امن اور سلامتی کے جزیرے” کے طور پر استحکام کے ساتھ اپنے راستے پر گامزن رہے گا جب دنیا اور خطہ سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم ترکیہ کا محور ایک ایسی خارجہ پالیسی کے ساتھ بنائیں گے جہاں ہمارا ملک، ہمارا خطہ اور انسانیت سب کو امن و استحکام، کثیرالجہتی، مزید تعاون اور انسانی سفارت کاری ملے گی۔

انہوں نے شرکاء کو یاد دلایا کہ ترکیہ روس-یوکرین جنگ میں دونوں فریقوں کے ساتھ مذاکرات کر سکتا ہے، اناج راہداری اور قیدیوں کے تبادلے جیسی ٹھوس پیش رفت کر سکتا ہے، اور امن کے امکانات کو میز پر لا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انقرہ بغیر کسی ڈکٹیشن کے، عالم اسلام کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی، زراعت، تعلیم اور نقل و حمل کے شعبوں میں ترکیہ کی استعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے، 14 مئی کو، ہم ایک ساتھ ترکیہ کی صدی کا آغاز کریں گے۔ ہم مل کر امن، بھائی چارہ، اعتماد، محفوظ شہر، گھر زندگی اور خوشیوں کی تعمیر کریں گے۔

Read Previous

ترک سفارت خانے کی جانب سے جنوبی سوڈان میں راشن کی تقسیم

Read Next

کوکاکولا کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام، ترک سفیر کی شرکت

Leave a Reply