
ترکی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش شروع ہوگئی ہے۔ترک صدررجب طیب ایردوان نے اس دفاعی نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ترک صدر نے اس موقع پر کہا کہ اب ہمارا بیرون ملک دفاعی ضروریات پر انحصار صرف 20 فی صدر رہ گیا جو اس سے پہلے 80فی صد تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ دفاعی شعبے میں مقامی پراجیکٹس کی تعداد 750 سے زائد ہے جو2002 میں صرف 62 تھی۔ ان منصوبوں پر 5.5 ارب ڈالر کی جگہ 75 ارب ڈالر بجٹ خرچا کیا جارہا ہے۔ یاد رہےکہ اس وقت ترکی کی سینکڑوں کمپنیاں نہ صرف ویپنز، ہیلی کاپٹرز، ایئر کرافٹس، ڈرونز اور آرمرڈ وہیکلز تیار کررہی ہیں ۔ بلکہ مختلف کمپنیاں ان پلیٹ فارمز کے سسٹمز، سب سسٹمز اور سینسرز مقامی سطح پر تیار کررہی ہیں۔
ترک آفیشلز کے مطابق آئیڈیف کے حالیہ ایڈیشن میں بارہ سو سے زائد ملکی اور بین الاقوامی دفاعی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔ ان کمپنیوں میں سے 536 مقامی اور سات سو غیر ملکی ہیں۔وزارت دفاع کے حکام کے مطابق دنیا بھر کے 89 ٹاپ آفیشلز، 31 ممالک کے منسٹرز ، 33 آرمی چیفس اور 33 لینڈ فورس جنرلز شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی دفاعی صنعتی نمائش 20 اگست تک جاری رہے گی۔ اس نمائش میں کئی ترک کمپنیاں پہلی مرتبہ ہتھیار نمائش کے لیے پیش کررہی ہیں۔ جن میں روبوٹک ویپنز، گنز، بکتر بند گاڑیاں اور لیزر ویپنزقابل ذکر ہیں۔