صدر ایردوان اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس، COP28 میں شرکت کے لیے 30 نومبر تا یکم دسمبر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کریں گے۔
ترک کمیونیکیشن ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ اس سربراہی اجلاس میں، ماحولیاتی مسائل، توانائی، خوراک اور صحت، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پالیسیوں جیسے مختلف امور پر قیادت کی سطح پر بات چیت کی جائے گی۔
صدر ایردوان یکم دسمبر کو کانفرنس سے خطاب کریں گے، اور توقع ہے کہ وہ کانفرنس کے موقع پر کچھ شریک ممالک کے سربراہان مملکت اور حکومت سے بھی بات چیت کریں گے۔
متحدہ عرب امارات اس سال 30 نومبر اور 12 دسمبر کے درمیان کانفرنس کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے، جس کا مقصد پیرس معاہدے کے درجہ حرارت کو 1.5C (2.7F) تک برقرار رکھنا ہے۔
ترکیہ 2053 کے زیرو ویسٹ اور سبز ترقی کے اہداف کے ساتھ پیرس موسمیاتی معاہدے میں سب سے اہم شراکت کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔
2017 میں، خاتون اول امینہ ایردوان کی سرپرستی میں ترکیہ نے موسمیاتی بحران سے لڑنے کے لیے اور فضلہ کے خاتمے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے زیرو ویسٹ کے منصوبے کا آغاز کیا۔
اس منصوبے کی بین الاقوامی سطح پر تعریف کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریش نے گزشتہ ستمبر میں نیویارک میں ایک کانفرنس کے دوران خاتون اول سے اظہار تشکر بھیکیا تھا۔
گزشتہ دسمبر میں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر ترکیہ کی طرف سے پیش کردہ زیرو ویسٹ اقدام پر ایک قرارداد منظور کی، جس میں 30 مارچ کو زیرو ویسٹ کا عالمی دن قرار دیا گیا۔
