ترک صدر ایردوان نے جدید ترکی کے بانی مصطفی کمال اتاترک کی 83 ویں برسی کے موقع پر ان کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔
صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ترکی اپنی ملکی سالمیت پر خطرہ کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔
صدر نے مزار کی یادگاری کتاب میں اپنا پیغام قلمبد کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملک کی سالمیت، ریاست کی بقا ، قوم کے اتحاد، امن اور قدیم اقدار پر کسی کو حملہ آور نہیں ہونے دیں گے۔
ترکی کے بانی مضطفی کمال اتاترک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ "ہم اپنی جمہوریہ کو وسعت دینے اور ترقی دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، جسے آپ نے قائم کیا اور ہمیں سونپا، اور اسے اس خطے اور دنیا کا چمکتا ستارہ بنا یا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر شعبے میں ترقی کی ہے خصوصا صحت، تعلیم ، سیکورٹی اور صنعت میں اپنا نام پیدا کیا ہے جس کے ساتھ ہم 2023 کے منشور کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
صدر نے اپنے پیغام سے قبل اتاترک کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
ترکی میں ہر سال 10 نومبر کے دن صبح 9 بج کر 4 منٹ تمام خاص و عام کام کاج چھوڑ دیتے ہیں اور اپنے بانی مصطفی کمال اتاترک کی موت کا سوگ مناتے ہیں ۔ رواں سال بھی صبح مقررہ وقت پر سائرن بجائے گئے اور دومنٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
