ترک صدر رجب طیب ایردوان نے جاپان کے سابق وزیر اعظم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
صدر ایردوان نے ٹوئٹر پر کہا کہ جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے انتقال پر مجھے بہت افسوس ہوا ہے۔
انہوں نے حملہ آوروں کی بھی مذمت کی جنہوں ے یہ دردناک کام انجام دیا۔
صدر ایردوان نے آبے کے اہل خانہ ، چاہنے والوں، جاپانی عوام اور حکومت سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
جاپان کے سیاست دان آبے جمعے کو انتخابی مہم کے ایک پروگرام میں گولی لگنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
جاپان کے مغربی شہر نارا کے ایک اسپتال کے حکام نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ سابق وزیر اعظم شنزو آبے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق انکا انتقال شام 5:03 پر ہوا۔
سابق وزیراعظم کا پانچ گھنٹے سے زائد علاج کیا گیا لیکن ڈاکٹر ان کی جان نہ بچا سکے۔
آبے کو انکی گردن کے دائیں جانب چوٹیں آئیں جب جمعہ کو علی الصبح نارا شہر میں ایک تقریب کے دوران ایک 41 سالہ حملہ آور نے ان پر فائرنگ کی۔
موجودہ وزیر اعظم فومیو کشیدا نے اس سے قبل ٹوکیو میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ آبے کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹر اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
67 سالہ آبے مغربی شہر نارا کی ایک سڑک پر ایک سیاسی تقریب میں تقریر کر رہے تھے جب انہیں ایک شخص نے پیچھے سے گولی مار دی جسے اب گرفتار کر لیا گیا ہے۔
