
پاکستان کے خوبصورت شہر لاہور کے مرکز میں واقع تاریخی جامعہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں ٹکا کی جانب سے ترک زبان مرکز کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ترک تعاون ایجنسی ٹکا کے سربراہ محسن بالچی ، ترک قونصلر جنرل لاہور علی ارباش،ترک تعلیمی مشیر ڈاکٹر مہمت توران ، اور وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر شاذیہ بشیر سمیت ترکیہ اور یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام میں شرکت کی۔

ترک زبان مرکز کا افتتاح ترکیہ اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام نے مل کر کیا۔ مہمانوں نے کلاس رومز کا جائزہ لیا اور ترک تعاون ایجنسی ٹکا کو اِس کاوش پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی وائس چانسلر ڈاکٹر شاذیہ بشیر نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ” پاکستان اور ترکیہ کی دوستی لازوال ہے۔ ہماری اور ترکیہ کی ثقافت بھی آپس میں بہت ملتی، بچوں کو ترک زبان لازمی سیکھنی چاہیے۔ ” ڈاکٹر شاذیہ بشیر نے پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال کے اشعار بھی پڑھے۔

دوسری جانب ترکیہ کے قونصلر جنرل لاہور علی ارباش کا کہنا تھا ” ترکیہ پاکستان سے اپنا تعاون جاری رکھے گا اور پاکستان میں ثقافت اور زبان کے فروغ کے لیے اقدامات کرتے ہیں گے۔” علی ارباش نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلباء کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں قائم ترک زبان مرکز ، پاکستانیوں ، خاص طور پر یونیورسٹی کے طلباء کے لیے ترکی زبان اور ثقافت سے ہم آہنگ ہونے کا ایک نادر موقع ہے۔
