ترک صدر رجب طیب ایردوان جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے انڈونیشیا کے جزیرے بالی پہنچ گئے۔
ایردوان کا نگورہ رائے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر انڈونیشیا کے وزیر مملکت سیکرٹریٹ پرٹیکنو، وزیر صحت بوڈی گناڈی، بالی کے گورنر وائن کوسٹر کے علاوہ ترکیہ کے سفیر احمد سیمل میروگلو نے استقبال کیا۔
صدر کے ہمراہ خاتون اول امینہ ایردوان، ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اوغلو ، قومی دفاع کے وزیر حولوصی آقار، وزیر خزانہ نورالدین نباتی، وزیر زراعت و جنگلات واہت کریسی، مواصلات کے ڈائریکٹر فرحتین التون، صدارتی ترجمان ابراہیم قالین ، ڈیفنس انڈسٹریز پریزیڈنسی اسماعیل دیمیر اور جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ (اے کے) پارٹی کے ترجمان عمر سیلک بھی دورے کے دوران صدر ایردوان کے ساتھ ہیں۔
صدر ایردوان نے سربراہی اجلاس سے قبل انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔
صدر ایردوان اور ویدودو نے ترکیہ اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں اور تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
ایردوان نے گروپ آف 20 کی "کامیاب” صدارت کے لیے انڈونیشیا کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترکیہ اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی صنعت، ٹیکنالوجی، جنگلات، ماحولیات اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پانچ معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
15-16 نومبر کو ہونے والی سربراہی کانفرنس کا مرکزی موضوع ہے ایک ساتھ بحال، مضبوطی سے بازیافت۔
15 نومبر کو ایردوان خوراک اور توانائی کے تحفظ کے پہلے اجلاس میں شرکت کریں گے اور تمام رہنماؤں اور وفد کے سربراہوں سے خطاب کریں گے۔
جی 20 رہنماؤں کے ساتھ لنچ کے بعد ایردوان صحت کے دوسرے سیشن میں شرکت کریں گے اور شرکاء سے خطاب کریں گے۔
سربراہی اجلاس کے آخری روز ترک صدر دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے اور پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، فرانس، جرمنی، بھارت، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، جمہوریہ کوریا، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکیہ، برطانیہ، امریکہ، اور یورپی یونین G20 میں شامل ہیں۔ اسپین کو بھی مستقل مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بالی پہنچ گئے۔
