کانز (فرانس) — ترکیہ کی ٹی وی اور ڈرامہ انڈسٹری نے عالمی مارکیٹ میں ایک بار پھر اپنی بھرپور موجودگی کا احساس دلایا ہے۔ فرانس کے شہر کانز میں منعقدہ MIPCOM 2025 (دنیا کی سب سے بڑی ٹی وی اور فلم مارکیٹ) میں ترک ٹی وی پروڈکشنز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور بین الاقوامی خریداروں اور نشریاتی اداروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
ترکیہ کے معروف پروڈکشن ہاؤسز، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور براڈکاسٹنگ چینلز نے ترک ڈراموں، دستاویزی فلموں اور تفریحی پروگراموں کی عالمی فروخت کے لیے اپنے نئے منصوبے پیش کیے۔ ان منصوبوں میں ترکیہ کے تاریخی، ثقافتی اور جدید معاشرتی پہلوؤں کو اجاگر کرنے والے کئی مقبول ڈرامے شامل تھے۔
MIPCOM میں شریک ترک وفد نے بتایا کہ ترک ٹی وی انڈسٹری اس وقت دنیا کے سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہونے والے ڈراموں میں سے ہے، اور اس کی رسائی 150 سے زائد ممالک تک پھیل چکی ہے۔
ترک وفد نے مزید کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے ترکیہ کے مضبوط پروڈکشن معیار، جاندار کہانیوں اور عالمی ناظرین سے جذباتی ہم آہنگی ہے۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق ترکیہ اب ہالی وڈ اور جنوبی کوریا کے بعد دنیا کی تیسری سب سے بڑی ڈرامہ برآمد کرنے والی انڈسٹری کے طور پر اُبھر رہا ہے — اور MIPCOM 2025 میں اس کی موجودگی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ترک مواد عالمی اسکرینوں پر اپنی جگہ مزید مستحکم کر رہا ہے۔
