انقرہ / استنبول:
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ افریقہ کے ساتھ اپنے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہا ہے۔ ترک کمپنیاں اس وقت افریقہ میں 97 ارب ڈالر مالیت کے 2 ہزار سے زائد ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں، جن کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں۔
صدر ایردوان نے یہ بات ترکیہ–افریقہ بزنس اینڈ اکانومی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ترکیہ کے 49 افریقی ممالک کے ساتھ کاروباری کونسلیں قائم ہیں، جبکہ 31 ممالک میں ترک تجارتی اتاشی سرگرم ہیں جو باہمی سرمایہ کاری کو فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترک ایئرلائنز افریقہ کے 42 ممالک کے 64 شہروں کے لیے باقاعدہ پروازیں چلا رہی ہے، جو دونوں خطوں کے درمیان تجارتی اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
صدر ایردوان نے مزید کہا کہ ترکیہ، افریقہ کے ساتھ تعلقات کو برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر آگے بڑھا رہا ہے، اور مستقبل میں توانائی، زراعت، تعمیرات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
