چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی عدالتی تبادلوں کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق، ملاقات میں وزارت قانون و انصاف کے سیکرٹری اور وزارت خارجہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ یہ ملاقات مارچ 2026 میں ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر کے متوقع دورے کے پیش نظر ہوئی۔
دورے کے دوران پاکستان کی سپریم کورٹ اور ترکیہ کی آئینی عدالت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط متوقع ہیں، جس سے دونوں ممالک کی اعلیٰ عدلیہ کے مابین ادارہ جاتی تعاون کو باضابطہ شکل دی جائے گی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مجوزہ دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا اور عدالتی روایات کے مطابق مکمل میزبانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ قانونی روایات، باہمی احترام اور مضبوط ثقافتی رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
ملاقات میں عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، استعداد کار میں اضافے اور بہترین عدالتی طریقہ کار کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔
