
پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو کی وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی۔ وزارت خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ترک سفیر کو حالیہ پاک بھارت کشیدگی سے متعلق آگاہ کیا۔
اس ملاقات میں پاکستان کی خودمختاری کی بلااشتعال خلاف ورزی اور معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ گہری ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی اور اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ قریبی رابطے اور تعاون کو جاری رکھیں گے تاکہ موجودہ چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔