ترکی میں مقامی طور پر تیار کردہ کورونا ویکسین ‘ترکوویک’ کے اثرات پر نئی تحقیق شروع کی جا رہی ہے۔
تحقیق میں بائیون ٹیک ویکسین کی 2 خوراکوں کے بعد ترکو ویک کی تیسری خوراک کے پیدا کردہ دافعی نظام کو پرکھا جائے گا۔
ترکی کے وزیر صحت فخر الدین قوکا نے کابینہ اجلاس کے بعد، اخباری نمائندوں کو ویکسین پر نئے تحقیقی کام کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ” ہم نے بائیون ٹیک کی 2 خوراکوں کے بعد ترکوویک کی تیسری ضمنی خوراک کے بارے میں تحقیقی کام شروع کروا دیا ہے۔ ہم مریض میں اینٹی باڈی مادوں کی تبدیلی کا جائزہ لیں گے۔ mRNA پر یہ تحقیقی کام دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا کام ہو گا”۔
وزیر صحت قوکا نے کہا ہے کہ تحقیقی کام کے لئے ضروری اجازتیں حاصل کر لی گئی ہیں۔ دو mRNA ویکسینوں کے بعد ترکوویک خوراک کے نتیجے میں اینٹی باڈی کی قدر کی پیمائش کا کام 24 جنوری سےانقرہ میں شروع کیا جائے گا”۔
واضح رہے کہ مقامی ویکسین ترکو ویک ضروری سائنسی ڈیٹا جمع کرنے کے بعد استعمال کے لئے پیش کر دی گئی تھی۔ ترکو ویک کو پہلی خوراک کے طور پر بھی اور mRNA اور غیر فعال ویکسین کے بعد ضمنی خوراکوں کے طور پر بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
