انقرہ / لندن —ترکیہ اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے تحت ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ترکیہ نے 40 یوروفائٹر ٹائیفون جنگی طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان 5.6 ارب ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشت (MOU) پر باضابطہ دستخط ہو گئے ہیں۔برطانوی وزیرِاعظم کیئر سٹارمر نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”یہ معاہدہ نہ صرف برطانیہ اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کرے گا بلکہ ہمیں اور ہمارے اتحادیوں کو محفوظ رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔”یہ معاہدہ ترکیہ کی جانب سے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنا ہے۔یوروفائٹر ٹائیفون ایک جدید کثیر المقاصد لڑاکا طیارہ ہے، جو فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور نیٹو ممالک کی فضائی افواج میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ترکیہ کی وزارتِ دفاع کے مطابق، ان طیاروں کی شمولیت سے ملک کی فضائی طاقت اور فضائی دفاعی نظام کو نمایاں تقویت ملے گی، جو قومی سلامتی کے لیے ایک فیصلہ کن قدم ہے۔
