ترکیہ نے اپنی خلائی تاریخ میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا — ملک کے نجی شعبے کی جانب سے تیار کیا گیا سب سے بڑا سیٹلائٹ FGN-100-D2 کامیابی کے ساتھ مدار میں پہنچ گیا۔ یہ سیٹلائٹ فرگانی اسپیس (Fergani Space) نے مکمل قومی وسائل سے تیار کیا ہے۔
خلائی ایجنسی کے مطابق سیٹلائٹ لانچ کے 74 منٹ بعد کامیابی سے مدار میں داخل ہوا اور زمین کو ابتدائی ڈیٹا بھیجنا شروع کر دیا۔ اس کامیاب مشن کو ترکیہ کے نجی خلائی شعبے کی خودکفالت کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
FGN-100-D2 سیٹلائٹ جدید ارتھ آبزرویشن، مواصلاتی اور ڈیٹا کلیکشن ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو زراعت، موسمیات، ماحولیاتی نگرانی اور شہری منصوبہ بندی کے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔
فرگانی اسپیس کے مطابق یہ منصوبہ ترکیہ کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت ملک کو 2028 تک علاقائی خلائی مرکز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزارتِ صنعت و ٹیکنالوجی نے اس کامیابی کو ‘‘ترکیہ کی خلائی خودمختاری کی سمت ایک فیصلہ کن پیش رفت’’ قرار دیا۔