ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ روس یوکرائن پر حملے یا قبضے کا راستہ اختیار نہ کرے۔
صدر ایردوان نے ایک پرائیویٹ ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ترکی ہر وہ راستہ اختیار کرنے کے لیے تیار ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آسکے۔
روس۔ یوکرائن کشیدگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ "اگر روس اور یوکرائن کے صدور چاہیں تو ہم انہیں اپنے ملک میں مذاکراتی میز پر لا کر بحالی امن کے لئے راستہ کھول سکتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ سنگین شکل اختیار کرنے سے قبل حل ہو جائے۔”
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ "ہم نے ہمیشہ ہی یوکرائن کی زمینی سالمیت اور خود مختاری کے موقف کی حمایت کی ہے اور اس میں تبدیلی ممکن نہیں ہے”۔
اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بحیرہ روم میں ترکی کو لاتعلق رکھ کر بنایا گیا کوئی بھی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔
صدر ایردوان نے ماہِ فروری کے آغاز میں اسرائیلی ہم منصب ایزاک ہرزوگ کے دورہ ترکی کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ "اس دورے کے ساتھ ہم ترکی۔ اسرائیل تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز کر سکتے ہیں”۔
