انقرہ –یومِ استحصالِ کشمیر کے تناظر میں انقرہ کے معروف تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک تھنکنگ (SDE) میں "پاکستان-بھارت کشیدگیاں اور مسئلہ کشمیر” کے عنوان سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جُنیّد سمیت متعدد ترک ماہرین اور صحافیوں نے شرکت کی۔سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں ترک صدر رجب طیب ایردوان اور ترک قوم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر ایک اصولی اور دوٹوک مؤقف اپنایا ہے، خصوصاً اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی آواز بلند کی۔تقریب کے دیگر مقررین میں انسٹیٹیوٹ کے نائب صدر الپار تان، SDE کے دفاع و سلامتی کے کوآرڈی نیٹر البے میتھات اشک اور ترک صحافی محمت اوزتورک شامل تھے۔ مقررین نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیرجانبدار رائے شماری کے ذریعے ہونا چاہیے تاکہ کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت مل سکے۔سیمینار کے دوران، مقررین نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرے۔یہ تقریب دونوں ممالک کے مابین گہرے تعلقات اور کشمیری عوام سے ترک بھائی چارے کے عزم کی بھرپور عکاسی تھی۔
															