انقرہ: ترکیہ اپنی دفاعی صنعت میں تیز رفتار ترقی کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا رہا ہے۔ فرانسیسی اخبار لی فگارو نے اپنے حالیہ تجزیے میں کہا ہے کہ ترکیہ اپنے قومی طیارہ بردار بحری جہاز کی تیاری کے بعد بحیرہ روم کا سب سے بڑا جنگی جہاز بنانے والا ملک بن جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق، یہ بحری جہاز نہ صرف ترکیہ کی سمندری سرحدوں کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرے گا بلکہ خطے میں طاقت کے توازن کو بھی ترکیہ کے حق میں تبدیل کر سکتا ہے۔ تجزیے میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ کا یہ قدم نیٹو اتحادیوں اور یورپی ممالک کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ انقرہ اپنی عسکری اور تکنیکی صلاحیتوں کے بل بوتے پر آزادانہ فیصلے کر رہا ہے۔
لی فگارو نے اس پیش رفت کو ترکیہ کی دفاعی خود کفالت اور اس کے بڑھتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی اثر و رسوخ کا مظہر قرار دیا ہے۔ اخبار نے لکھا کہ ترکیہ کی یہ کامیابی بحیرہ روم میں اس کی پوزیشن کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی بحری قوتوں میں ایک نئے کھلاڑی کے طور پر سامنے لا رہی ہے۔
