لاہور — ترکیہ کے قونصل جنرل لاہور درموش باش توغ اور ترکیہ کے تعلیمی اتاشی ڈاکٹر محمت طویران نے لاہور میں چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن (PHEC) ڈاکٹر اقرار احمد خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی اشتراک، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے، اسکالرشپ پروگرامز میں اضافہ، اور سائنسی تحقیق کے میدان میں شراکت داری جیسے امور زیرِ بحث آئے۔ ترک وفد نے پاکستانی طلبہ کے لیے ترکیہ کی یونیورسٹیوں میں مزید مواقع فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ چیئرمین PHEC نے اس تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی کی یقین دہانی کرائی۔ترک قونصل جنرل نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور تعلیم کے شعبے میں باہمی اشتراک دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ چیئرمین PHEC ڈاکٹر اقرار احمد خان نے اس موقع پر کہا کہ پاک-ترکیہ تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا، جو مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور نئے تعلیمی پروگرامز پر کام کرے گا۔
