ترکیہ نے لبنان میں اسرائیل کے زمینی حملے کی سخت مذمت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ یہ فوجی جارحیت خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کر سکتی ہے اور ایک نئے انسانی بحران کا سبب بن سکتی ہے۔
ترکیہ کی وزارت خارجہ نے پیر کو جاری بیان میں اسرائیلی حملے کو لبنان کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انقرہ نے کہا کہ بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کی پالیسیز، جنہیں "نسل کشی اور اجتماعی سزا” پر مبنی قرار دیا گیا ہے، غزہ میں تباہ کاری کے بعد لبنان میں بھی دہرائی جا سکتی ہیں۔ وزارت نے کہا: "اگر یہ پالیسیاں لبنان میں نافذ کی گئیں، تو یہ خطے میں ایک نئے انسانی بحران کا باعث بنیں گی۔”
ترکیہ نے لبنان کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا اور اسرائیلی حملوں کے پیش نظر لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں اپنی حمایت کو دوہرایا۔
دریں اثنا، اسپین کی وزیر دفاع مارگاریتا روبلز نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ لبنان میں تعینات امن دستوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ روبلز کا کہنا تھا کہ ان کے ملک کے فوجی طویل گھنٹوں تک بنکرز میں رہنے پر مجبور ہیں مگر حالات کے مطابق اپنے فرائض انجام دیتے رہتے ہیں۔
