انقرہ:
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوغان اور برطانیہ کے وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے انقرہ میں تقریباً 11 ارب ڈالر مالیت کے یورو فائٹر ٹائفون (Eurofighter Typhoon) لڑاکا طیاروں کی خریداری سے متعلق تاریخی دوطرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے۔
صدارتی محل میں ہونے والی اس خصوصی تقریب میں دونوں ممالک کے وزرائے دفاع، فوجی حکام اور دفاعی صنعت کے اعلیٰ نمائندے شریک ہوئے۔ معاہدے کے تحت ترکی کو ابتدائی طور پر 20 جدید ٹائفون طیارے فراہم کیے جائیں گے، جو جدید ریڈار، میزائل اور ایویونکس ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے۔
صدر ایردوغان نے کہا کہ یہ معاہدہ ترکی اور برطانیہ کے اسٹریٹجک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک توانائی، تجارت اور دفاع کے شعبوں میں بھی گہرے تعلقات استوار کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ کا ہدف برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی حجم کو 40 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔
برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے معاہدے کو دونوں ممالک کے لیے “تحفظ، ترقی اور روزگار کے نئے مواقع” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ نیٹو کا ایک مضبوط اتحادی ہے، اور یہ تعاون خطے میں سلامتی اور استحکام کو مزید مضبوط کرے گا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ ترکی کی فضائیہ کو جدید ترین صلاحیتیں فراہم کرے گا اور برطانیہ کی دفاعی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ معاہدے میں طیاروں کی خرید کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ پیداوار کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
یہ ڈیل ترکی کی دفاعی خودکفالت کے سفر میں ایک بڑا قدم قرار دی جا رہی ہے اور خطے میں اس کی فضائی برتری کو مزید مستحکم کرے گی۔
