انقرہ —ترکیہ نے دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کا سب سے بڑا ڈرون طیارے برآمد کرنے والا ملک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ترکیہ کی دفاعی صنعت کے صدر ڈاکٹر ہالوک گورگن کے مطابق، اب تک بیرکتار ٹی بی 2 اور بیرکتار اکنچی ماڈلز پر مشتمل ڈرون طیارے 42 ممالک کو برآمد کیے جا چکے ہیں۔ڈاکٹر ہالوک گورگن نے بتایا کہ 800 سے زائد ڈرون طیارے اس وقت مزید برآمدی معاہدوں کے تحت تیار حالت میں موجود ہیں، جو دنیا بھر کے خریداروں کو فراہم کیے جائیں گے۔ یہ پیش رفت ترکیہ کی دفاعی خود انحصاری اور عالمی مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ترک کمپنی بایکار (Baykar) کے تیار کردہ یہ ڈرون طیارے نہ صرف سکیورٹی، انٹیلی جنس اور جنگی محاذ پر کامیابی سے استعمال ہو رہے ہیں بلکہ ان کی افادیت اور کم لاگت نے انہیں عالمی سطح پر بے پناہ مقبول بنا دیا ہے۔ماہرین کے مطابق، ترکیہ کی یہ غیر معمولی کامیابی دنیا میں دفاعی توازن کو نئی جہت دے رہی ہے، اور اب ترکیہ ایک قابلِ اعتبار دفاعی شراکت دار کے طور پر ابھرتا جا رہا ہے۔
