انقرہ:
اسرائیلی روزنامہ اسرائیل ہیوم نے اپنے تازہ تجزیے میں کہا ہے کہ ترکیہ منظم اور جارحانہ حکمتِ عملی کے تحت اپنی فضائی طاقت کو تیزی سے جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے، اور دہائی کے اختتام تک عالمی ہوا بازی کے منظرنامے میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق ترکیہ نے حالیہ برسوں میں دفاعی ہوا بازی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس میں یورو فائٹر ٹائیفون پروگرام میں شمولیت کی پیش رفت، ایف–16 فلیٹ کی جدید کاری، اور پانچویں نسل کے لڑاکا طیارے KAAN کے تیز رفتار ترقیاتی مراحل شامل ہیں۔
تجزیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں ترکیہ خطے میں تکنیکی خودمختاری اور فضائی برتری کی نئی سطح حاصل کر رہا ہے۔ اخبار کے مطابق:
"آسمان دوبارہ ترکیہ کے ہاتھ میں آ گیا ہے۔”
رپورٹ کے مطابق ترکیہ نے نہ صرف اپنی فضائی صلاحیتوں کو مضبوط کیا ہے بلکہ عالمی ایرو اسپیس انڈسٹری میں بھی نمایاں حیثیت حاصل کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔
