
اسلام آباد — ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کے لیے اورینٹیشن ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے بھی شرکت کی۔

یہ طلبہ ترک حکومت کے Turkey Scholarships پروگرام کے تحت مختلف جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے۔ اورینٹیشن کا مقصد طلبہ کو ترکیہ کے تعلیمی نظام، ثقافتی ماحول اور عملی سہولتوں سے آگاہ کرنا تھا تاکہ وہ اپنی تعلیمی اور سماجی زندگی کو بہتر طریقے سے ہم آہنگ کر سکیں۔

ترک سفیر نے اس موقع پر طلبہ کو نیک تمنائیں دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں طلبہ کا کردار کلیدی ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔