turky-urdu-logo

ترکیہ کے وزیر تعلیم ڈاکٹر یوسف تکین کا ترک معارف فاؤنڈیشن اسکول، لاہور کا دورہ، انتظامی ماڈل کا جائزہ

صدر ترک معارف فاونڈیشن ڈاکٹر بیرول اگون  اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلوکے ہمراہ ترکیہ کے وزیر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر یوسف تکین نے گزشتہ روز  ترک معارف فاؤنڈیشن اسکول، لاہور کا دورہ کیا۔

ڈاکٹر بیرول اگون نےاپنے خطاب میں،ملکی ڈائریکٹر  ہارون  کی خدمات کو سراہا اور خاص طور پر لاہور کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ‘لاہور، لاہور ہے’۔ انہوں نے وزیر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر یوسف تکین کو خراج تحسین پیش کیا کہ، انہوں نے پاکستان کو اپنے پہلے دورے کے لیے منتخب کیا۔

ڈاکٹر بیرول اگون نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی اور ثقافتی تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ، پاکستان اور ترکیہ صرف دوست نہیں، بلکہ بھائی ہیں۔ انہوں نے تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو اجاگر کیا۔

انہوں نے ‘پاکستان زندہ باد! ترکی زندہ باد!’کا نعرہ لگایا اور پاکستان کے لیے ترک حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں ترکیہ  کے  مختلف اسکولوں کا  ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون پر روشنی ڈالی۔

ترکیہ کے سفیرعرفان نذیر اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون کو سراہا اورمستقبل میں  تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بات کی۔

اس موقع پر ترکیہ کے وزیر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر یوسف تکین نے طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی اور اسکول کی تعلیمی کارکردگی اور انتظامی ماڈل کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران، وزیر تعلیم نے اسکول میں فراہم کردہ  معیاری تعلیم کو سراہا اور عالمی سطح پر تعلیمی میدان میں معارف فاؤنڈیشن کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

وزیر تعلیم کو مختلف تعلیمی منصوبوں اور طلبہ کی کامیابیوں بارے تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی محنت اور علم کی ترویج کے جذبے کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے کہا کہ، ہماری معارف فاؤنڈیشن ایک ایسا ماڈل پیش کرتی ہے جو عالمی برادری کے لیے تعلیم کے میدان میں ایک مثال بنے گی۔ترک معارف فاؤنڈیشن کا قیام اعلیٰ معیار کی تعلیم اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ آج یہ فاؤنڈیشن 52 ممالک میں سرگرم عمل ہے اور 50,000 سے زائد طلبہ کو تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ یہ فاؤنڈیشن نہ صرف ہر ملک میں معیاری انسانی وسائل پیدا کر رہی ہے، بلکہ بین الاقوامی سطح پر امن، انصاف اور مساوی مواقع پر مبنی تعلیمی فلسفے کو عام کر کے تہذیبوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ، آج ہماری فاؤنڈیشن دنیا بھر میں امن و انصاف پر مبنی تعلیمی نظریہ پھیلا کر تہذیبوں کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ مساوی تعلیمی مواقع فراہم کر کے دنیا کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیر تعلیم نے شرکاء کو ترک صدر رجب طیب ایردوان کا سلام دیا اور کہا کہ، وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دورے کے اختتام پر وزیر تعلیم نے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اساتذہ کو ان کی قیمتی خدمات جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اسکول کے تعلیمی معیار اور پاک ترک تعلقات کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار کو سراہا۔

Read Previous

ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کی صدر کا ترکیہ کے ساتھ تعاون کا نیا باب کھولنے کا عزم

Read Next

ترکیہ میں اتحاد و یکجہتی دہشت گرد تنظیم PKK/YPG کے خاتمے سے ہی ممکن ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

Leave a Reply