پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ، ڈاکٹر عرفان نذیر اغلو نے ترک قونصل جنرل، درمش باشتو کے ہمراہ پنجاب یونیورسٹی، لاہور کا دورہ کیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پوفیسر ڈاکٹر محمد علی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ، ڈاکٹر خالد محمود بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز، یامینہ سلمان اور ترک قونصل خانے کے دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر ترکیہ کے سفیر، عرفان نذیر اوغلو کا کہنا تھا کہ، ترکیہ اور پاکستان ایک دوسرے کے وسائل سے بہت استفادہ کر سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کا باہمی تعاون مسلم ممالک کیلئے مثال بن سکتا ہے۔ہمیں باہمی تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
تعلیمی تعاون پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ، ترکیہ پاکستان کی جامعات میں مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ، برادر ممالک کے مابین سائنس اور کلچر کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں۔ ہمارا دونوں ممالک کی جامعات میں دوہری ڈگری پرگرام شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
ترک سفیر کا مزید کہنا تھا کہ، ہم ترکیہ اور پاکستان کے درمیان اکیڈمک روڈ میپ پر کام کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کی جامعات میں جلد ایجوکیشنل فیئر کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کا کہنا تھا کہ، پاکستانی طلباء ترکیہ جا کر خوش رہتے ہیں۔ ان کو وہاں گھر جیسا ماحول ملتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ، ہم ترکیہ کے ساتھ تعلیمی شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئےاپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ، دونوں برادر ممالک کے درمیان مشترکہ تحقیق کو انسٹی ٹیوشنالائز کرنے کی ضرورت ہے۔ہم پاکستان میں ٹیکا اداروں کی کاوشوں کا خیر مقدم اور ان کو سراہتے ہیں۔
