turky-urdu-logo

پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان کا ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو کے ہمراہ ‘ترک ایرو اسپیس پاکستان’ کا دورہ

پاکستان میں ترکیہ کے سفیر، عرفان نذیر اوغلو اور وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال خان نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) میں ترک ایرو اسپیس پاکستان کے دفتر کا دورہ کیا۔

یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان میں جدید تحقیق و ترقی کے منصوبوں کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز (TAI) دنیا کے جدید ترین ایرو اسپیس اور دفاعی صنعت کے اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے پاکستان میں قائم دفاتر نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NSTP) اور اسکول آف انٹردسپلنری انجینئرنگ اینڈ سائنسز (SINES) میں موجود ہیں، جو دفاعی اور ایرو اسپیس شعبے میں تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی، تحقیق و ترقی اور علم کے تبادلے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وزیر تجارت نے نیشنل سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلیجنس (NCAI) کا بھی دورہ کیا، جو مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور ڈیٹا سائنس جیسے جدید شعبوں میں پاکستان کی تحقیق اور ترقی کو فروغ دینے میں مصروف ہے۔

اس موقع پر وزیر تجارت، جام کمال خان نے کہا کہ، پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، ایرو اسپیس اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں ترقی کے بے شمار مواقع موجود ہیں، اور حکومت تعلیمی اداروں، نجی شعبے اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

اس دورے میں TUSAŞ اور Arçelik جیسے عالمی معیار کے اداروں کے تکنیکی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

 دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی، تحقیق اور صنعتی ترقی میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ترکیہ کے سفیر کا کہنا تھا کہ، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنسی، تعلیمی اور تکنیکی شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات دونوں ممالک کے لیے ایک نئے ترقیاتی دور کی نوید ہیں، جس سے تحقیق و ترقی کے میدان میں مشترکہ پیش رفت کی راہیں مزید ہموار ہوں گی۔

Read Previous

ترکیہ نے صومالیہ اور ایتھوپیا کے درمیان امن مذاکرات کے پہلے دور کی میزبانی کی

Read Next

ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو کا وفد سمیت لاہور چیمبر آف کامرس  کا دورہ

Leave a Reply