turky-urdu-logo

ٹرمپ جنگ جلد ختم کرنے کے خواہاں، ایران سے تنازع 4 سے 6 ہفتوں میں سمیٹنے کی کوششیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری تنازع کو آئندہ 4 سے 6 ہفتوں میں ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق صدر ٹرمپ جنگ کو جلد سمیٹنے پر زور دے رہے ہیں اور اسے طول دینے کے حق میں نہیں۔

رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے قریبی مشیروں کو بتایا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ کو طویل نہیں کرنا چاہتے اور سمجھتے ہیں کہ یہ تنازع اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ان کے بقول جنگ ان کی دیگر اہم سیاسی ترجیحات، خصوصاً وسط مدتی انتخابات اور امیگریشن پالیسی، سے توجہ ہٹا رہی ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق وائٹ ہاؤس نے چین کے ساتھ مئی میں متوقع بیجنگ سمٹ بھی اسی بنیاد پر ترتیب دیا ہے کہ اس سے قبل جنگ کے خاتمے کی پیش رفت ہو جائے، تاہم امن مذاکرات تاحال ابتدائی مرحلے میں ہیں۔

دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے سامنے متعدد شرائط رکھی ہیں، جن میں افزودہ یورینیم کا خاتمہ، بیلسٹک میزائل پروگرام پر پابندیاں، اور خطے میں مسلح گروہوں کی حمایت ترک کرنا شامل ہے، جبکہ بدلے میں پابندیوں میں نرمی کی پیشکش زیر غور ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا بیک وقت سفارتکاری اور دباؤ کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے، ایک طرف مذاکرات جاری ہیں تو دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں اضافی فوجی تعیناتی بھی کی جا رہی ہے۔

ادھر پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ایران نے تصدیق کی ہے کہ وہ خطے کے ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ جنگ کے خاتمے کی خواہش واضح ہے، مگر گہرے عدم اعتماد اور پیچیدہ زمینی حقائق کے باعث فوری پیش رفت اب بھی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔

Read Previous

کابل ہوائی اڈے پر آرینا افغان ایئر لائنز کا بوئنگ 737 طیارہ رن وے 29 سے اتر گیا – بارش کی وجہ سے واقعہ، تمام مسافرین اور عملہ محفوظ

Read Next

نیٹو عراق مشن ختم، ترک فوج کا کامیاب انخلا؛ خطے کی صورتحال پر ترکی کا اہم مؤقف

Leave a Reply