روس اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کےدرمیان آج انقرہ میں ملاقات ہوگی جس میں روس یوکرین امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنےا ورشام کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔
دونوں اعلیٰ سفارت کار روس اور ترکیہ کے تعلقات اور نئے امکانات پر بھی بات چیت کریں گے۔
یاد رہےکہ ترکیہ اور روس کے درمیان اعلیٰ سطح کی سفارتکاری میں رواں برس کے آغاز سے ہی بہت تیزی دیکھنے میں آئی۔ جس کی بڑی وجہ یوکرین روس تنازعہ ہے۔
ترکیہ یوکرین اور روس کے ثالثی کا کردار بھی ادا کرتا رہا ہے۔ لیکن آج کی ملاقات میں دونوں اعلیٰ عہدیدار یوکرین، ٹرانس کاکیشیا، مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، وسطیٰ ایشیا، بحیرہ اسود سمیت کئی معاملات پر ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
دونوں وزرائے خارجہ روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ لیکن سب سے اہم موضوع شام ہے جہاں ترکیہ جلد حملہ کرکے دہشتگردی کے خلاف آپریشن شروع کرنا چاہتا ہے۔
