turky-urdu-logo

جاوید منزل کی بحالی کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاہدہ

لاہور میں ترکیہ کی تعاون و رابطہ ایجنسی (TİKA) اور محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب کے درمیان جاوید منزل ( اقبال میوزیم ) کی بحالی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

تقریب جاوید منزل کے سبزہ زار (جسے علامہ محمد اقبال نے خود تعمیر کروایا) میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں صوبائی وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین شاہ کرمانی، سیکرٹری سیاحت و آثارِ قدیمہ سکروت امان رانا، مہمت ایمن شِمشِک
(قونصل جنرل ترکیہ لاہور)، TIKA پاکستان کی کنٹری کوآرڈینیٹر صالحہ تُونا
اور ڈائریکٹر جنرل آثارِ قدیمہ پنجاب زاہر عباس ملک شریک ہوئے۔

وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین شاہ کرمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاوید منزل کی بحالی نہ صرف تاریخی ورثے کے تحفظ کا تقاضا ہے بلکہ یہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط ثقافتی رشتوں کی علامت بھی ہے اور علامہ اقبال کے 150 ویں یوم پیدائش سے قبل اس تاریخی رہائش گاہ کی بحالی کو یقینی بنانے پر زور دیا
جبکہ ترک قونصل جنرل لاہور مہمت ایمن شِمشِک نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کا نام لاہور سے جدا نہیں کیا جا سکتا اور ترکیہ کو اس منصوبے میں حصہ لینے پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ اقبال کے فکری ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

پاکستان کی کنٹری کوآرڈینیٹر صالحہ تونا نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ایک ایسی فکری و ادبی شخصیت ہیں جن کا اثر مسلم دنیا کی سرحدوں سے ماورا ہے۔
انہوں نے اس تاریخی و فکری تعلق کا بھی ذکر کیا جو علامہ اقبال اور ترکیہ کے قومی شاعر
مہمت عاکف ائرصوئے کے درمیان موجود تھا۔ اگرچہ دونوں شخصیات کی بالمشافہ ملاقات نہ ہو سکی، تاہم باہمی احباب کے ذریعے وہ ایک دوسرے کے کلام سے واقف تھے۔

مشترکہ ثقافتی ورثے کی علامت
یہ منصوبہ محض ایک تاریخی عمارت کی مرمت نہیں بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ایک مضبوط ثقافتی شراکت داری کی علامت ہے جس کا مقصد مشترکہ فکری و تہذیبی ورثے کو محفوظ رکھنا اور آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق جاوید منزل کی بحالی نہ صرف سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے گی بلکہ نوجوان نسل کو علامہ اقبال کی فکر اور فلسفے سے جوڑنے کا ذریعہ بھی بنے گی

Read Previous

ایران پر امریکہ اور اسرائیل کا مشترکہ حملہ

Read Next

تہران سے خلیج تک دھماکے! امریکہ، اسرائیل اور ایران جنگ شدت اختیار کر گئی

Leave a Reply