اسلام آباد :ترکیہ کی ترقیاتی و امدادی ایجنسی ٹکا (TİKA) نے پاکستان میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹکا نے ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کو جدید آلات اور خصوصی تربیت فراہم کی ہے۔منصوبے کے تحت اہلکاروں کو بیسک لائف سپورٹ اور سرچ اینڈ ریسکیو کی تربیت دی گئی، جبکہ ریسکیو ٹیموں کو جدید ترین آلات بھی فراہم کیے گئے۔ ان میں موٹر بائیک ایمبولینسز، سرچ اینڈ ریسکیو موٹر بائیکس، ریسکیو بوٹ، ڈرون، تھرمل کیمرے، نائٹ وژن گوگلز، سرچ اینڈ ریسکیو کٹس اور فرسٹ ایڈ کٹس شامل ہیں۔پاکستان میں ٹکا کی سربراہ صالحہ تونا نے اس موقع پر کہا کہ ترکیہ ہمیشہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کے دوران ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی استعداد کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور ٹکا اس سلسلے میں پاکستان کے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔



