وزیراعظم عمران خان نے آن لائن سروس ایئرلفٹ میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ساڑھے 8 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا ہے۔
خیال رہے کہ سیریز بی کے تحت لاہور میں موجود کمپنی ایئرلفٹ میں یکمشت اس خطیر رقم کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
سیریز بی فنانسنگ، ایک ایسی کمپنی کے لیے فنڈنگ کا دوسرا دور ہے جس نے کچھ سنگ میل عبور کیے ہیں اور ابتدائی آغاز کے مرحلے سے گزر چکی ہے۔
وزیراعظم نے ٹوئٹ کی کہ ہم دنیا کے کلیدی وینچر سرمایہ کاروں (وی سیز) کی جانب سے ایئرلفٹ نامی کمپنی جسےنوجوان پاکستانی چلاتے ہیں، میں حال ہی میں کی جانےوالی ساڑھے 8 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کاخیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ہماری حکومت سرمایہ کاروں کو مواقع کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم کی ٹوئٹ پر ایئرلفٹ کی جانب سے ایک ٹوئٹ کے ذریعے شکریہ ادا کیا گیا۔
ایئرلفٹ کی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ایئرلفٹ کے سنگ میل پر توجہ مرکوز کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں، جو مستقبل میں پاکستانی اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔

ایئرلفٹ ٹیکنالوجیز کے شریک بانی اور سی ای او عثمان گل نے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے مالی سال 2022 کے لیے ملک کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 5 فیصد اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایک برس قبل، ایئر لفٹ نے ٹرانزٹ سروس آپریشن روک دیا تھا اور گروسری ڈیلیوری سروس کا آغاز کیا تھا اور آج ہماری ٹیم نے براعظموں میں ہمارے ڈیلیوری پلیٹ فارم کو بڑھانے کے لیے سیریز بی فنانسنگ میں ساڑھے 8 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔
عثمان گل نے کہا کہ اس فنانسنگ کے ساتھ، ہمیں بحیثیت پاکستانی اس مقام پر واپس آنا چاہیے جہاں سے ہم نے مشکلات کے خلاف لڑنا شروع کیا تھا اور اپنے بنیادی جوش و خروش، ٹیم ورک، وسائل پر لگن سے کام کرنا شروع کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ ایک ہزار میل کا سفر ہے تو ہم نے ابھی صرف پہلا قدم اٹھایا ہے۔
