
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے ترک مقامی گاڑی توگ آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کو تحفہ کے طور پر آذربائیجان بھجوا دی۔ توگ گاڑی انقرہ سے باکو روانہ ہوئی ۔ جہاں آذربائیجان کے صدر الہام علی ایف نے آذربائیجان کے ترک سفارت خانے میں اس کا استقبال کیا اور ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر کی قیادت میں توگ گاڑی کی پیداوار ترکیہ کی سائنسی اور صنعتی ترقی کی ایک واضح مثال ہے ۔ ترک صدر ایردوان نے اپنے آذری ہم منصب کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ترکیہ کا فخر اپنے دوست صدر الہام علی یوف کے سپرد کر دیا ہے اور اللہ آپ کو اچھے دنوں پر اس کا استعمال کرنے کی توفیق دے۔
خیال رہے کہ پیر کو انقرہ کے صدارتی کمپلیکس میں تقریب میں توگ گاڑی کی ترسیل کا باقاعدہ طور پر آغاز کیا تھا ۔ صدر ایردوان اور ترک خاتون اول اس گاڑی کے پہلے خریدار تھے ۔ ۔ صدر ایردوان نے اپنے لیے اناطولین رنگ کی گاڑی پسند کی جبکہ خاتون اول ایمینہ ایردوان نے سرخ رنگ کا انتخاب کیا۔ دونوں گاڑیوں پر صدارتی موٹر کیڈ کی مخصوص علامات بھی لگائی گئی ہیں۔ ترک خاتونِ اوّل کی گاڑی پر ان کے نام ایمینہ ایردوان کے ابتدائی حروف یعنی EE کو رجسٹریشن پلیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹی 10 ایکس سیریز کی گاڑی میں 218 ہارس پاور کا ایک انجن اور 2 بیٹریاں لگائی گئی ہیں، جن کی استعداد 52.4 اور 88.5 کلو واٹ ہو گی۔ مکمل چارج ہونے پر یہ گاڑی 314 سے 523 کیلو میٹرز کا سفر طے کرسکے گی۔ تجربات کے دوران اس بھاری بھرکم گاڑی نے صفر سے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار پکڑنے میں محض 4.8 سیکنڈز کا وقت لیا۔ گاڑی کی تعارفی قیمت 50 ہزار 230 ڈالرز سے شروع ہو گی جبکہ سالانہ 1 لاکھ گاڑیاں ابتدائی مرحلے میں مارکیٹ میں لائی جائیں گی۔”