کورونا وائرس کے پیش نظر جاپان میں ایک سال کی تاخیر کے بعد ٹوکیو اولمپکس کا آغاز کردیا گیا جبکہ تقریب خالی اسٹیڈیم اور تماشائیوں کی انتہائی محدود تعداد میں ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق عالمی کھیلوں کا افتتاح رنگا رنگ تقریب سے ہوا جو اصل شیڈول سے 364 روز کی تاخیر کے بعد منعقد ہوئی۔
اولمپک اسٹیڈیم بڑے پیمانے پر خالی تھا اور اس کے داخلی دروازوں پر ٹوکیو 2020 کی یادداشت کا اسٹور بھی بند تھے۔
اسٹیڈیم کے ٹریک پر ہونے والی افتتاحی تقریب میں رنگا رنگ گرافکس پیش کی گئیں جبکہ چند معززین اور مدعو کیے گئے مہمان اسٹیڈیم کی نشستوں پر موجود تھے جن میں امریکی خاتون اول جِل بائیڈن بھی شامل تھیں۔
منتظمین نے کووڈ سے انتقال کر جانے والوں کے لیے ایک لمحہ خاموشی اختیار کی اور جیسے میوزک بند ہوا تب اسٹیڈیم کے باہر موجود مظاہرین کے احتجاج کی آوازیں دور تک سنائی دیں۔
مظاہرین کورونا وائرس کے پیش نظر ٹوکیو اولمپکس گیمز کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
تقریب کے آغاز پر کھلاڑی روایتی انداز میں اسٹیڈیم میں داخل ہوئے، بعض کھلاڑیوں نے سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جبکہ متعدد ایسا کرنے میں ناکام رہے۔
جاپان میں متعدد سائنس دانوں نے اولمپکس گیمز کے انعقاد پر تنقید کی ہے۔
دوسری جانب آئی او سی کے صدر تھامس نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہم 100 فیصد کامیاب نہیں ہوں گے لیکن جاپانی عوام سے اولمپکس گیمز کے بارے میں بات چیت کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ ایک مرتبہ جاپانی عوام اپنے کھلاڑیوں کو جیتے ہوئے دیکھیں گے تو اولمپکس گیمز کے لیے ان کا منفی رویہ قدرے کم ہوگا۔
ٹوکیو میں پولیٹیکل سائنس کے پروفیسر نے کہا کہ امکان ہے کہ لوگ اولمپکس پر اپنے تنقید نقطہ نظر کو ختم کردیں یہ سوچ کر کہ ان کا ملک اتنے بڑے ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا کی نئی قسم ڈیلٹا جاپان میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور کیسز میں غیرمعمولی اضافے کا خدشہ ہے۔
جاپان میں 20 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے 25 نئے کووڈ 19 کے کیسز رپورٹ کیے ہیں جن میں سے 3 کھلاڑی شامل ہیں۔
یکم جولائی سے جاپان میں اولپمکس کا حصہ بننے والے اب تک 110 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 13 کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بیرون ملک سے جاپان آنے والے 3 میڈیا ورکرز بھی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
