turky-urdu-logo

روسی صدر 19 جولائی کو ایران جائیں گے، ترک اور ایرانی ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن آئندہ ہفتے منگل کو تہران کے دورے کے دوران اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوان اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے شام کی صورتحال سے متعلق بات چیت کریں گے۔

رواں سال 24 فروری کو یوکرین میں ماسکو کی مسلح مداخلت کے آغاز کے بعد ولادیمیر پیوٹن کا یہ دوسرا غیر ملکی دورہ ہوگا، اس سے قبل روسی صدر نے جون کے آخر میں وسطی ایشیا کا اپنا پہلا غیر ملکی دورہ کیا تھا۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے مزید بتایا کہ شام میں امن عمل کے لیے تیار کردہ آستانہ معاہدے کی 3 ضامن ریاستوں کے سربراہان سہ فریقی اجلاس کریں گے۔

روس اور ایران، شام کے صدر بشار الاسد کے اہم فوجی اور سیاسی حمایتی ہیں جبکہ ترکیہ نے آزاد شامی فوج اور دیگر باغی گروپوں کو فوجی مدد فراہم کی ہے جو اب بھی شمال مغربی شام میں بشار الاسد کی افواج کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

24 فروری کو روس کی جانب سے اپنی مسلح افواج کو یوکرین میں بھیجنے کے بعد سے رجب طیب ایردوان ماسکو اور کیف کے درمیان ثالثی کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ترجمان کریملن دمتری پیسکوف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ترک صدر فون پر بات چیت کے فوری بعد ذاتی طور پر بات چیت کریں گے، ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے یوکرین سے اناج کی برآمدات میں سہولت فراہم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

دمتری پیسکوف نے آج جاری ہونے والے اپنے بیان میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان تہران میں ہونے والی کسی دوطرفہ ملاقات کا ذکر نہیں کیا۔

Read Previous

ترکیہ نے مقامی تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، گوکدوگان کا کامیاب تجربہ کر لیا

Read Next

اناج کی باخفاظت ترسیل کے لیے روس، یوکرین اور اقوام متحدہ کا اجلاس آج استنبول میں ہو گا

Leave a Reply