turky-urdu-logo

وزیراعظم پاکستان نے قومی ایئر لائن کے متنازع پیرس پرواز اشتہار کی تحقیقات کا حکم دے دیا

وزیراعظم  پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پیرس پروازوں کے متنازع اشتہار کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس کے دوران اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ، اشتہار میں ایفل ٹاور کے قریب پی آئی اے کے طیارے کے ساتھ ‘We are coming’کا جملہ استعمال کیا گیا، جس سے نامناسب تاثر گیا اور جگ ہنسائی ہوئی۔

اجلاس کے دوران سینیٹر شیری رحمان نے توجہ دلاؤ نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ایئرلائن کی کارکردگی اور نجکاری سے متعلق سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ, موجودہ وقت میں پی آئی اے کے 34 میں سے صرف 19 طیارے آپریشنل ہیں، جبکہ باقی طیارے گراؤنڈ ہیں۔ انہوں نے اشتہار کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ,,یہ واضح کیا جائے کہ ،یہ اشتہار کس ایجنسی یا اہلکار کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ، ماضی میں ایک سابق وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان کے باعث یورپ، برطانیہ اور امریکا نے پی آئی اے پر پابندی عائد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ، پی ڈی ایم حکومت نے اس معاملے پر کام شروع کیا اور یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ، اس وقت قومی ایئرلائن کے 22 طیارے فعال ہیں، جبکہ 11 طیارے مرمت کے مراحل میں ہیں۔ نجکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ، پی آئی اے کی نجکاری کی جائے گی، تاکہ کارپوریٹ سیکٹر اس ادارے کو بہتر انداز میں چلا سکے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ، برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اور برطانوی ٹیم جنوری کے آخر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، جس کے بعد امید ہے کہ، مارچ یا اپریل تک پروازیں بحال ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ، ماضی کے بیان سے قومی ایئرلائن کو 87 ارب روپے سالانہ نقصان اٹھانا پڑا اور پاکستانی پائلٹس کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔ کابینہ نے اس بیان کے حوالے سے انکوائری کرانے کی ہدایت دی ہے، تاکہ اس نقصان کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

Read Previous

وزیر خارجہ حاقان فیدان کی سلووینیا کی نائب وزیراعظم سے ملاقات، شام اور غزہ کی صورتحال پر بات چیت

Read Next

افغانستان سے صرف دہشت گردی پر اختلاف، برادرانہ تعلقات کے خواہاں ہیں: آرمی چیف پاکستان

Leave a Reply