turky-urdu-logo

او آئی سی کے آئی پی ایچ آر سی کے وفد نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا 5 روزہ دورہ مکمل کر لیا

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن (آئی پی ایچ آر سی)کے وفد نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا 5 روزہ دورہ مکمل کر لیا۔ 12 رکنی آئی پی ایچ آر سی وفد کی قیادت کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر سعید الغفلی کر رہے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے او آئی سی کونسل برائے وزرائے خارجہ کے فراہم کردہ مینڈیٹ کے تحت کیا گیا۔ پاکستان میں قیام کے دوران آئی پی ایچ آر سی کے وفد نے وزیراعظم عمران خان ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور جبکہ آزاد جموں کشمیر میں صدر سردار مسعود خان سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیری مہاجرین ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کی قیادت ، کشمیری سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں سے تفصیلی بات چیت کی۔

وفد نے لائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کیا اور بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے متاثرین سے ملاقات کی۔ ان وسیع اور تفصیلی بات چیت کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق اور انسانی صورت حال کا جائزہ لینا اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات اور کشمیریوں کے بنیادی شہری ، سیاسی ، سماجی ، معاشی ، مذہبی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کیلئے رپورٹ کو فروغ دینےکی غرض سے سفارشات مرتب کرنا تھا۔

وفد نے ایل او سی پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند گولہ باری کے اثرات بھی دیکھے جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع جبکہ خواتین اور بچوں سمیت شہری زخمی ہوئے اور آزاد کشمیر میں شہری املاک اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔

وفد کو حکومت پاکستان نے بلاامتیاز رسائی فراہم کی تاکہ وہ اپنا کام آزادانہ طور پر انجام دے سکے۔ آئی آئی ایچ آر سی کے نتائج کی تفصیلی رپورٹ ٹھوس سفارشات کے ساتھ ، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اگلے (48 ویں) سیشن پر غور کے لیے پیش کی جائے گی

Read Previous

سعودیہ:کرپشن کے خلاف مہم میں 200 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا

Read Next

پاکستان: ویکسین نہ لگوانے والوں کو یکم اکتوبر سے سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی

Leave a Reply