کل سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز ہو رہا ہے۔
ایونٹ کے ابتدائی میچ میں کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
ایونٹ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہنے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کیا تھا۔
کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے باعث آنے والی وبا کی پانچویں لہر سے بچاؤ کے لیے پی سی بی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات میں پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم بھی شامل ہیں۔
لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں کی گئیں ترامیم مندرجہ ذیل ہیں۔
- کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ ٹیم تکنیکی کمیٹی کی اجازت سے ریزرو پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کر سکتی ہے۔
- کسی ٹیم کے کم از کم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کو میچ نہیں کھلایا جائے گا۔
- ایک ایمرجنگ کرکٹر سمیت پلیئنگ الیون میں کم از کم 7 اور زیادہ سے زیادہ 8 مقامی کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں، تاہم کووڈ 19 کا شکار ہونے کی صورت میں ٹیم کو تمام 11 مقامی کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارنے کی اجازت ہوگی۔
- فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے 19 اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر 30 گز کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔
- فائنل کے لیے ایک دن ریزرو رکھا گیا ہے، ریزرو ڈے پر بھی میچ مکمل نہ ہوسکا تو 30 لیگ میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اوپر رہنے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔
- پی سی بی کی جانب سے کئی گئی ترمیم کے مطابق ٹی وی امپائر باؤلر کی نو بال دیکھے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 2020 اور 2021 کے ایڈیشنز کورونا وائرس کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
پاکستان سپر لیگ 2021 چھٹے ایڈیشن کے میچز بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیے گئے تھے اور بقیہ میچوں کو جون میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، 25 جون کو ہونے والے لیگ کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔
