پاکستان اور ایران کے دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 12 واں دور تہران میں منعقد ہوا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اور ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باغیری کنی نے دونوں ملکوں کی قیادت کی۔ ملاقات میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور دونوں اطراف کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام دائرہ کار پر بات چیت کی اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
دوطرفہ تجارت کو بڑھانے، متنوع بنانے اور توانائی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم اور عوام سے عوام کے تبادلوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا فریقین نے علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقتصادی کمیشن اور مشترکہ تجارتی کمیٹی سمیت مختلف ادارہ جاتی میکانزم کے باقاعدہ اجلاس کی اہمیت پر زور دیا۔ فریقوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے اور مشترکہ تشویش کے عالمی اور علاقائی مسائل پر بات چیت کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
