turky-urdu-logo

ٹیکنوفیسٹ 2025: صدر ایردوان نے پاکستانی طالبات کو انوویشن مقابلے میں اول پوزیشن پر انعام سے نوازا

شمالی قبرص میں منعقدہ عالمی شہرت یافتہ ٹیکنوفیسٹ 2025 میں پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کے طلبہ نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستانی طالبات کو سوشل انوویشن مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر انعام سے نوازا۔

یہ اعزاز لاہور کے ڈریم گارڈن کیمپس سے تعلق رکھنے والی طالبات، اسماء فاطمہ اور عنایہ خان کو ان کی تکنیکی ایجاد "ایموشن ڈیٹیکٹر گیجٹ برائے فالج زدہ افراد (Quadriplegic)” پر دیا گیا جو انہوں نے "Maarif Scientist 25” کے نام سے تیار کیا تھا۔

یہ آلہ خصوصی طور پر ان افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے جو جسمانی معذوری کے باعث اپنے جذبات کا اظہار نہیں کر سکتے۔ اس گیجٹ کی مدد سے جذبات کو محسوس کر کے انہیں ڈیجیٹل سگنلز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، جو ایک مثالی انسانی ہمدردی اور ٹیکنالوجی کا امتزاج ہے۔

ٹیکنوفیسٹ، جو ہوا بازی، سائنس اور ٹیکنالوجی کا دنیا کا سب سے بڑا میلہ مانا جاتا ہے، اس میں دنیا بھر سے ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔

پاکستانی طالبات اپنی سرپرست استاد محترمہ گوہر خورشید کے ہمراہ مقابلے میں شریک ہوئیں، اور پاک ترک معارف انٹرنیشنل کی نمائندگی کی۔ پاک ترک معارف، ترک معارف فاؤنڈیشن کے تحت کام کرنے والا تعلیمی نیٹ ورک ہے جو طلبہ میں سائنسی سوچ، اختراعی صلاحیت اور سماجی ذمے داری کو فروغ دیتا ہے۔

یہ کامیابی نہ صرف ادارے بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے اور اسے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ تعلیمی و ثقافتی تعلقات کا خوبصورت مظہر سمجھا جا رہا ہے۔

ترک معارف فاؤنڈیشن، جو ترکیہ کی سرکاری تعلیمی تنظیم ہے، 53 سے زائد ممالک میں معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ پاکستان میں اس فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والے پاک ترک معارف اسکولز و کالجز، 25 برانچز اور 13,000 سے زائد طلبہ پر مشتمل ایک وسیع نیٹ ورک رکھتے ہیں، جہاں تعلیم، تنقیدی سوچ، سائنسی تحقیق اور معاشرتی شعور کو فروغ دیا جاتا ہے۔

“دو قومیں – ایک مستقبل” یہ اعزاز اس نعرے کو سچ کر دکھاتا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی صرف الفاظ تک محدود نہیں، بلکہ عملی میدان میں نمایاں شراکت اور کامیابی کی صورت میں پروان چڑھ رہی ہے۔

اس منصوبے کو ماہرین، شرکاء اور ججز کی جانب سے سراہا گیا، اور اسے جامع حل کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔

Read Previous

ترک اقوام کا باکو میں اجتماع: زبان، فکر اور عمل میں اتحاد کے عزم کا اظہار

Read Next

صدر ایردوان کا ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے نئے صدارتی کمپلیکس کا افتتاح: ترک قبرصی عوام کے اتحاد و ترقی کے عزم کا اعادہ

Leave a Reply