
انقرہ —صدر رجب طیب ایردوان نے ترکیہ کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے جاری عمل کو ریاست اور قوم کا ایک مشترکہ منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس میں تمام سیاسی جماعتوں سے تعمیری کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ "ہم نے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے واضح طور پر مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’دہشت گردی سے پاک ترکیہ‘ کے لیے کی جانے والی کوششوں میں مثبت تعاون فراہم کریں۔”صدر ایردوان نے مزید کہا کہ اس قومی عزم کا واضح اظہار حال ہی میں ترک خفیہ ادارے (MİT) کے سربراہ کی ترکیہ کی قومی اسمبلی میں مختلف ملاقاتوں سے ہوتا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ترکیہ کو دہشت گردی کی بیڑیوں سے نجات دلانے کی جدوجہد کو سیاسی مفادات یا ذاتی عزائم کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینا چاہیے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سیاست میں بہت سے معاملات میں نرمی برتی جا سکتی ہے، لیکن اس معاملے میں ہچکچاہٹ، رکاوٹ یا عمل میں رخنہ ڈالنے کی کوئی گنجائش نہیں — اور نہ ہی قوم اور تاریخ اسے معاف کرے گی۔صدر ایردوان نے اپوزیشن جماعت کو بھی پیغام دیا کہ "یہ عمل بالخصوص مرکزی اپوزیشن کے لیے ایک نادر موقع ہے، جسے وہ ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرنے کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔”انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن اس عمل کو وسیع تر تناظر میں دیکھتے ہوئے تاریخ کے درست پہلو پر اپنا مؤقف اپنائے گی، کیونکہ یہی ترک عوام کی توقع بھی ہے۔صدر ایردوان نے اپیل کی کہ حکومت اور اپوزیشن اس اہم مسئلے پر یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ دہشت گردی کا مکمل اور پائیدار خاتمہ ممکن ہو سکے۔