دمشق: شامی صدر احمد الشراع نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل 1974 کے ڈس انگیجمنٹ معاہدے میں تبدیلی کی کوشش کرتا ہے یا اس کے متبادل کسی نئے انتظام کی طرف بڑھتا ہے تو پورا خطّہ ’’انتہائی خطرناک اور ناقابلِ پیشگوئی نتائج‘‘ کی طرف جا سکتا ہے۔
صدر الشراع نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی حالیہ اشتعال انگیزی، سرحدی تناؤ اور جارحانہ اقدامات خطے کے امن، استحکام اور سکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شام اپنی خودمختاری، سرحدی سلامتی اور قومی وحدت کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر بھرپور اقدام کرے گا۔
شامی صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے پالیسی اقدامات اور معاہدوں کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، تاکہ مشرقِ وسطیٰ کو ایک نئے بحران سے بچایا جا سکے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ شام امن کا خواہاں ہے لیکن کسی بھی قسم کی جارحیت یا طاقت کے استعمال کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
