
آج استنبول میں ہمارا تیسرا دن تھا
سارا دن استنبول کے فاتح ڈسڑکٹ کی سیر میں گذرا
جس کے ہر ہر کونے میں تاریخ رقم ہے
جس کی گلیاں تاریخی مقامات اور یادگاروں سے اٹی پڑی ہیں
ہر قدم پر آپ کو ایک تاریخی یادگار نظر آئے گی ۔ ہر گلی ہر کونے میں تاریخی مقامات آپ کے منتظر نظر آتے ہیں
سارا دن ان مقامات کو کھنگالنے میں گذر گیا اونچی نیچی گلیاں ، تنگ اور کشادہ ناہموار راستے ، چھوٹی پہاڑیوں کے نشیب و فراز ، چھوٹی اور بڑی سٹرکیں ، عسکری قلعے اور امراء کی حولیاں ، اونچے نیچے ، بڑے اور چھوٹے ، نئے اور پرانے مکان ، خوشحال اور زوال پزیر محلے ، چھوٹی اور بڑی مساجد نئے اور پرانے ، چھوٹے اور بڑے مقبرے غرض فاتح ڈسڑکٹ کی کون سی ایسی جگہ تھی جہاں ہم نہ گئے زیادہ تر ہم نے مقبروں اور مساجد کی سیر کی استنبول میں بے شمار مقبرے ہیں اور ہر مقبرے کے ساتھ ایک مسجد ہے
اسے اگر مقبروں اور مساجد کا شہر کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا
حضرت ابو ایوب انصاری سے لے کر آخری تیس سلا طین عثمانیہ کے مقبرے شہزادوں شہزادیوں اور ملکاؤں کی قبریں وزیرِاعظموں سپہ سالاروں اور عمال سلطنت کے مقبرے
غرض یہ مقبرے اور یہ قبریں ہر طرف بکھری پڑی ہیں
لیکن سب کے سب بہترین حالت میں ہیں مجال ہے جو آپ کو کہیں کسی جگہ کوئی گندگی کوئی توڑ پھوڑ یا شکستگی کی کوئی علامت نظر آجائے ترک اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں اور اس میں ان کا کوئی ثانی نہیں
ہماری یہ سیر پیدل تھی
سارا دن چل چل کر پاؤں درد کرنے لگے تھے
مجھے نہیں یاد کہ میں نے آج کتنے مقبروں پر حاضری دی کتنی بار دعا کے لئے ہاتھ اٹھائے
کتنی مرتبہ سورہ فاتحہ پڑھی
اسی میں سارا دن گذر گیا ، آخرکار سورج نے بھی ہار مان لی اور ڈھلنے لگا شام کے سائے لمبے ہونے لگے
تو ہم بھی مسجد سلیمانیہ کی سیر سے فارغ ہو کر واپس ہوٹل کی طرف چل پڑے کہ راستے میں گرینڈ بازار آگیا
جسے دیکھتے ہی ہماری بیگم اور زینیہ جو چند لمحے پہلے شدید تھکاوٹ کی شکایت کر رہی تھیں ایک دم سے تازہ دم اور
چاک وچوبند نظر آنے لگیں
اور بازار میں گھس گئیں
بلال ان کے ساتھ ہو لیا کہ اسے اپنے دوستوں کے لئے تحائف خریدنا تھے لیکن میں اور حمزہ دونوں باپ بیٹا پیدل ہی ہوٹل کی طرف واپس چل پڑے جو زیادہ دور نہیں تھادن کی گرمی شام کی خنکی میں بدلنے لگی تھی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی تھکاوٹ کے باوجود استنبول کی سڑکوں کی سیر بھلی لگ رہی تھی
قسطنطین کے مینار سے ہم نیلی مسجدBlue Mosque کی جانب مڑے شہر کی گہما گہمی اپنے عروج پر تھی سیاحوں کا ایک ہجوم تھا جو ہر طرف نظر آتا تھا خوبصورت شام کا خوبصورت موسم اور دلکش منظر ہر ہرجگہ پر دامن کھینچ لیتا تھا
کرشمہ دامنِ دل می کشَد کہ جا اینجاست
رستے میں ایک ٹھیلے والے کے پاس رک کر ہم نے آئس کریم کھائی
ترکی کی یہ چپکو آئس کریم بھی اپنی مثال آپ ہے اور اسے کھانے سے پہلے آپ کو آئس کریم والے سے ایک باقاعدہ جنگ جیتنا پڑتی ہے
آئس کریم کھاتے ہوئے ہماری نظر اچانک سٹرک کے دوسری طرف ایک مقبرے پر پڑی
وہ سلطان عبدالحمید دوئم کا مقبرہ تھا جس کے ساتھ ملحقہ ایک مسجد بھی تھی
ہم نے مسجد میں عصر کی نماز پڑھی اور مقبرے کے احاطے میں داخل ہو گئے یہ ایک بڑا قبرستان تھا بے شمار قبروں کا ایک جال سا بچھا ہوا تھا
جنگل جیسی بھول بھلیوں اورفبروں کے درمیان بنے ٹیڑھے میڑھے رستوں سے ہوتے ہوئے ہم
ایک ہشت پہلو عمارت کے سامنے جا کھڑے ہوئے جس کے اندر سلطان عبدالحمید ثانی دفن تھا
وہ سلطان جو سلطنت عثمانیہ کا آخری طاقتور اور بااختیار سلطان تھا دنیا بھر کے مسلمانوں کی آخری امید تھا جس نے ترکوں کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگانے کی ہر ممکن کوشش کی خلافت اسلامیہ کو مٹانے کی غرض سے آنے والے ہر طوفان کے سامنے تینتیس سال تک کھڑا رہا لیکن آخر کار اہل مغرب اور یہودیوں کی بڑھتی ریشہ دوانیوں ، محلاتی اور اندرونی سازشوں کے سامنے ہار گیا یہ وہ دور تھا جب یہودی اپنے سرمائے اور دولت کی بدولت دنیا کو اپنی گرفت میں لے چکے تھے دنیا کی معشیت کے خدا بن چکے تھے
لیکن کیونکہ ان کے وطن اور خوابوں کی تعبیر کے رستے کی سب سے بڑی رکاوٹ خلافت اسلامیہ اور سلطنت عثمانیہ تھی جو اپنی تمام تر کمزوریوں اور زوال کے باوجود کوہ گراں تھی وہ اپنی پوری توانائیوں کے ساتھ اس پر حملہ آور تھے انہوں نے سلطان کو ہر طرح سے مجبور کیا، ڈرایا دھمکایا لالچ دیا کہ وہ کسی طرح فلسطین ان کے حوالے کر دے
لیکن سلطان نے ان کے آگے جھکنے سے انکار کر دیا۔
کوہن اسرائیل ایک صہیونی مصنف ہے اس نے اپنی کتاب
“Theodor Herzl, founder of political Zionism”
میں لکھا ہے کہ
“تھیوڈور ہرتزل دو بار استنبول گیا پہلی مرتبہ 15 جون 1896ء کو اور دوسری مرتبہ پانچ سال بعد 17مئی 1901ء کو ۔
پہلی مرتبہ اس کی ملاقات سلطان عبدالحمید دوئم سے نہ ہو سکی وہ وزیر اعظم سے مل کر واپس آگیا۔
دوسری مرتبہ وہ سلطان سے ملنے میں کامیاب ہو گیا۔ لیکن سلطان نے بڑی حقارت سے یہودیوں کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ۔ اب ہرتزل اور اس کے ساتھیوں کے سامنے اس کے سوا کوئی چارا نہ تھا کہ سلطان کو ہٹا کر اپنے مقصد کو حاصل کرتے “۔
تھیوڈور ہرتزل کو اسرائیل کا روحانی بانی سمجھا جاتا ہے ۔ اس نے “الدولة اليهودية ۔ Der Judenstaat “ کے نام سے ایک کتاب لکھی ۔ اس کتاب کا پہلا نام “Address to the Rothschilds”, تھا
یہ کتاب پہلی مرتبہ 1896 ء میں شائع ہوئی ۔ اس کتاب میں اس نے الگ صہیونی ریاست کا تصور پیش کیا تھا۔
لیکن اس کتاب کے شائع ہونے سے پہلے ہی 1892ء کو ویانا میں ہونے والی یہودیوں کی عالمی کانفرنس میں وہ الگ یہودی ریاست کا تصور پیش کر چکا تھا جسے بہت سراہا گیا تھا اور اسے ایک قابل عمل منصوبہ سمجھ کر اس پر کام بھی شروع کردیا گیا تھا
جس کے مطابق وہ دو بار یہ پیشکش لے کر استنبول گیا کہ اگر سلطان عبدالحمید دوئم یہودیوں کو فلسطین میں رہنے کے لئے ایک خطہ زمین عطا کر دے تو یہودی سلطنت عثمانیہ کا سارا قرضہ اداکر دیں گے بلکہ انہوں نے اس کے عوض سلطان کو سونے میں تولنے کی پیشکش بھی کی تھی ۔
لیکن سلطان نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ فلسطین اس کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ اس کے پاس مسلمانوں کی امانت ہے ۔ جس پر یہودیوں نے مایوس ہو کر اسے راستے سے ہٹانے کی کوششیں شروع کر دیں تھیں ۔
درحقیقت سلطنت عثمانیہ اور خلافت اسی دن اپنے انجام کو پہنچ گئی تھی جس دن اکتیس مارچ 1909ء کو قسطنطنیہ میں اسلام پرستوں اور کمال پاشا کی سیکولر جماعت اور یہودیوں کی لے پالک CUP اور ینگ ترک تحریک کے درمیان جنگ میں اسلام پسند عناصر ہار گئے تھے اور سی یو پی اور ینگ ترک اپنے مربّی برطانیہ اور فری میسن کی مدد سے جیت گئے اب یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ سلطان اور خلافت کے خلاف اس بغاوت میں برطانیہ کے ترکی میں سفیر نے بھی بہت اہم کردار ادا کیا تھا اور باغیوں کو ہر طرح کی مالی ، فوجی اور قانونی مدد فراہم کی
رونلڈ گریگر سنی Ronald Gregor SUNY نے اپنی کتاب میں اس کا اعتراف کیا ہے کہ یہ انقلاب نہیں ایک فوجی بغاوت تھی جس کا سہرا برطانیہ کے سر ہے اور اس کا واحد مقصد خلافت اور سلطنت عثمانیہ کا خاتمہ تھا تاکہ فلسطین کے حصول کو ممکن بنایا جاسکے
1492ء میں سقوط غرناطہ کے بعد مسلمانوں اور یہودیوں کو سپین سے نکالا گیا تو اس وقت ترکی میں آٹھویں عثمانی سلطان بایزید ثانی کی حکومت تھی جو سلطان محمد فاتح کا بیٹا تھا اس نے ترک بحریہ کو ان کی مدد کے لئے بھیجا اور ہزاروں کی تعداد میں اندلسی مسلمان اور یہودی ترکی میں آکر آباد ہوگئے اور گزرتے وقت کے ساتھ یہ یہودی مضبوط سے مضبوط ہوتے چلے گئے 1750ء تک ان کا اثر ورسوخ اور زہر ترکی کی فوج اور دیگر شعبوں میں پوری طرح سرایت کر چکا تھا
وہ ترکی کی معشیت پر حاوی ہو چکے تھے
ان کی ذیلی تنظیموں
فری میسن اور الموناتی نے مکمل طور عثمانی فوج اور عمال سلطنت کو اپنی گرفت میں لے لیا تھا ان کی ہر مِمکن کوشش تھی کہ کسی طرح سلطان عبدالحمید کو فلسطین کا سودا کرنے پر مجبور کیا جائے لیکن جب سلطان عبدالحمید نے ان کا مطالبہ ماننے سے انکار کیا تو اس کے خلاف عوام میں نفرت پیدا کی گئی ینگ ترک کے نام سے ایک تنظیم کو منظم کیا گیا جو بظاہر تو لبرل اور جمہوریت پسند نوجوانوں پر مشتمل تھی لیکن درحقیقت اس کی باگ دوڑ فری میسن کے ہاتھ میں تھی
سلطان کا داماد احمد نامی، کمال پاشا سلطان کا بھائی مراد خامس ، بھانجا شہزادہ صباح الدین اور ابراہیم ٹیمو اس کے سرکردہ راہنما تھے
سی یو پی (CUP ) Committe
Of Union and Progress
بھی اسی تنظیم کا ایک حصہ تھی جو خفیہ طور پر زیر زمین رہ کر سلطان کا تختہ الٹنے کے لئے کوشاں تھی
اکتیس مارچ 1909 ء میں ایک فوجی بغاوت کے ذریعے سلطان عبدالحمید کا تختہ الٹ کو اسے معزول کر نے کے بعد گرفتار کر لیا گیا
گرفتاری کے بعد پہلے تو سلطان کو خاندان سمیت سالونیکا میں جلاوطن کیا گیا سالنویکا اس وقت سلطنت عثمانیہ کا ایک یورپی شہر تھا جہاں یہودیوں کی اکثریت تھی یہ وہی یہودی تھے جنہیں چند صدیاں پہلے سلطان بایزید ثانی نے پناہ دی تھی
کمال پاشا کا بچپن بھی اسی شہر میں گزرا تھا اور کہا جاتا ہے کہ وہ اسی دوران فری میسن کا ممبر بنا تھا
یہاں سلطان کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز سلوک کیا گیا اسے اپنی اور اپنے خاندان کی گذر اوقات کے لئے بڑھئی کا پیشہ اپنانا پڑا اسے جس مکان میں قید رکھا گیا تھا وہ ایک اصطبل سے ملحقہ تھا 1912ء میں جب سالونیکا پر یونان نے قبضہ کرلیا تو سلطان کو قسطنطنیہ واپس لا کر ایک مکان میں نظر بند کر دیا گیا جہاں آخر کار وہ دس فروری 1918ء کو پچھتر سال کی عمر میں کسمپرسی کی حالت میں انتقال کر گئے
انہوں نے اکتیس اگست 1876ء سے ستائیس اپریل 1909ء تک تینتیس سال حکومت کی
ان کے انتقال کے بعد 1924 ء میں ان کے خاندان کو جلاوطن کر دیا گیا
1955 ء میں ان کی بیٹی شہزادی حمیدہ عائشہ سلطان نے اپنی یاداشتوں کو ایک کتاب کی صورت میں مرتب کیا جس کا نام “میرے بابا سلطان عبدالحمید “
Babam Sultan Abdulhamid
ہے جس میں انہوں نے اپنے ، اپنے خاندان اور سلطان پر روا رکھے جانے والے ظلم وستم کا ذکر کیا ہے
وہ لکھتی ہیں
“ جب ہم سالونیکا پہنچے تو بندرگا ہ سے ہمیں پیدل شہر لایا گیا سارے شہر کی گلیوں میں پھرایا گیا شہر کے لوگ سٹرک کے دونوں طرف کھڑے ہمارا تماشا دیکھتے رہے کسی نے پتھر مارا کسی نے گالی دی اکثر آوازے کس رہے تھے لگتا تھا جیسے یہ ترکی نہیں کسی دشمن ملک کا شہر ہو”
ایک اور جگہ انہوں نے لکھا کہ
“ بابا بازار سے لکڑی خرید کر لاتے سارا دن بڑھئی کا کام کرتے ان کی بنائی چیزیں بہت خوبصورت ہوتیں اور بازار میں بہت مہنگے داموں بکتیں یہودی نیلامی میں انہیں بڑے ذوق وشوق سے خریدتے ، فخر سے اپنے گھروں میں سجاتے اور اپنے عزیز واقارب کو تحفے کے طور پر بھجتے لیکن بابا کو اس کی اتنی کم قیمت ادا کی جاتی کہ بمشکل ہم ایک وقت کی روٹی کھا سکتے گرمیاں تو جیسے تیسے گذر جاتیں لیکن سردیوں میں نہ ہمارے پاس گرم بستر ہوتے اور نہ گرم کپڑے
یہاں تک کہ یورپ کی سخت سردی میں آگ جلانے کے لئے لکڑی بھی مشکل سے میسر آتی ہمارے پاس چارپائیاں نہیں تھیں ہم ٹھنڈی زمین پر سو جاتے لیکن بابا کے لئے وہ دو میز جوڑ کر بستر تیار کرتے جن پر وہ دن کے وقت وہ بڑھئی کا کام کرتے تھے”
اپنے آخری خط میں سلطان عبدالحمید نے بڑی تفصیل سے ان حالات کا ذکر کیا ہے جو ان کی معزولی اور تاحیات قید کا سبب بنے یہ خط انہوں نے اپنے مرشد شیخ محمود آفندی کو لکھا تھا اور آج تک میوزیم میں محفوظ ہے
وہ لکھتے ہیں
“ میں اپنا یہ خط زمانے کے شیخ محمود آفندی ابو الشامات کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں اور ان کے مبارک ہاتھوں کو بوسہ دیتے ہوئے نیک دعاؤں کی امید کے ساتھ
“ ہم وہ لوگ ہیں جن کا کوئی وطن نہیں ، کوئی گھر نہیں ، کوئی سر چھپانے کا ٹھکانہ نہیں –
جلا وطنی میں ہمارے خاندان کی تاریخ سوائے المناک اموات کے اور کچھ نہیں –
اس مقدمے کے بعد میں آپ اور آپ جیسے اصحاب علم و فضل کے سامنے ایک اہم مقدمہ پیش کر رہا ہوں کہ یہ تاریخ کے ذمہ ایک امانت رہے ۔
خلافت اسلامیہ سے مجھے ہٹانے کے پیچھے “ جمعیت اتحاد نوجوان ترک”
کے سرداروں کی طرف سے دھمکیوں کا مسلسل آنا تھا جس نے مجھے خلافت چھوڑنے پر مجبور کیا۔ ان اتحادیوں نے شدت کے ساتھ اصرار کیا کہ میں ایک یہودی مملکت کے قیام کی اجازت دوں ان کے اصرار اور دباؤ کے باوجود میں نے قطعاً ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔
آخر میں انہوں نے مجھے ڈیڑھ سو ملین انگریزی سونے کے لیروں کی پیشکش کی ۔ میں نے اس پیشکش کو یہ کہہ کر ٹھکرا دیا کہ اگر تم مجھے پوری زمین کے بقدر سونا بھی دو گے تو بھی میں تمہاری بات نہیں مانوں گا۔
میں نے امت محمدی کی تیس سال سے زائد عرصہ خدمت کی ہے میں اپنے آباؤاجداد کے نامہ اعمال کو سیاہ نہیں کر سکتا ۔
اس لئے میں تمہاری پیشکش کو ہرگز قبول نہیں کرسکتا ۔
میرے اس قطعی انکار پر انہوں نے مجھے خلافت سے الگ کرنے پر اتفاق کرلیا جس کے بعد انہوں نے مجھے پیغام بھیجا کہ وہ مجھے سالو نیکا شہر بھیج رہے ہیں جسے میں نے نہ چاہتے ہوئے بھی مجبوراً قبول کرلیا ۔
میں اللّٰہ کی تعریف کی کرتا ہوں اور اعلان کرتا ہوں کہ میرا دامن ارض مقدس فلسطین میں یہودیوں کے ملک کے قیام کی ذلت و رسوائی سے داغدار نہیں اور میں نے اپنے آباؤاجداد کی قبروں کا سودا نہیں کیا مجھے معلوم ہے مجھے اس کی بڑی قیمت ادا کرنا ہوگی لیکن میں اس کے لئے تیار ہوں ۔
میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں اپنے رب کے سامنے اپنے رسول محمد صلعم کے حضور اور اپنے آباؤاجداد کے سامنے سرخرو اٹھایا جاؤں گا۔
اسی کے ساتھ میں اپنا خط ختم کرتا ہوں ۔
و السلام علیکم و رحمتہ اللّٰہ وبرکاتہ
۲۲ ستمبر ۱۳۲۹ھ
خادم المسلمین عبدالحمید “
بڑے عرصے کے بعد دولت عثمانیہ کو ایک قابل ، اہل اور درد دل رکھنے والا حکمران ملا تھا۔ اس نے اپنے بزرگوں کی کوتاہیوں اور لغزشوں کا ازالہ کرنے کی مقدور بھر کوشش کی ریاست کو جدید خطوط پر استوار کیا- استنبول سے مدینہ تک ریلوے بچھائی ۔یونیورسٹیاں قائم کیں ۔ معشیت کو ٹھیک کرنے کے لئے درست اقدام اٹھائے ۔
۱۹۰۸ ء تک سلطنت عثمانیہ کا نوے فی صد قرضہ ادا ہو چکا تھا۔
لیکن اس کا دور حکومت ایک انتہائی مشکل اور نازک دور تھا جو اقتصادی اور سیاسی انتشار ، اندرونی و بیرونی ریشہ دوانیوں اور معاشی خلفشار کی بدولت اور خاص طور پر یہودی عزائم کی وجہ سے سلطنت عثمانیہ کی بقاء کی جنگ کا دور تھا اور یہ جنگ بدقسمتی سے سلطان ہار گیا ۔
ہم سلطان عبدالحمید ثانی کے مقبرے کے سامنے کھڑے تھے لیکن مقبرہ بند تھا اندر مرمت کا کا م چل رہا تھا ہم نے کھڑکی کی جالیوں سے اندر جھانکا تو سامنے ایک بڑی قبر پر ایک بہت بڑا عمامہ نصب تھا یہ سلطان عبدالحمید کی قبر تھی ہم نے دل کھول کر اسے دیکھا اور پھر فاتحہ کے لئے ہاتھ اٹھا دئیے
فاتحہ پڑھ کر منہ پر ہاتھ پھیر کر ہم جونہی واپسی کے لئے مڑے تو ایک عجیب منظر نظر آیا حمزہ تو اچھل کر دو قدم پیچھے ہٹ گیا ہم دونوں نے ایک دوسرے کی طرف بے یقینی سے دیکھا ہماری آنکھوں کے سامنے
ضیاء گو کلیپ Ziya Gökalp کی قبر تھی وہ ضیاء جو سلطان عبدالحمید کا سب سے بڑا مخالف تھا اسے جدید ترکی کا بانی اور ترکی کا قومی شاعر بھی کہا جاتا ہے
سلطان عبدالحمید اور ضیاء گوکلیپ ہر لحاظ سے ایک دوسرے کی ضد تھے
ضیاء گوکلیپ خلافت اور
الوحدة الإسلامیہ Pan Islamism
کا شدید مخالف تھا وہ سیکولر ازم اور جمہوریت کا علمبردار تھا اس کی تمام شاعری اس کی ساری زندگی سکولرازم اور جدید ترکی کی خدوخال بنانے میں صرف ہوئی۔ اس نے سلطان کے خلاف بغاوت اور سی یو پی کی کامیابی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا اس کا پورا نام محمد ضیاء تھا لیکن سی یو پی کی کامیابی اور سلطان عبدالحمید کی معزولی کے بعد اس نے اپنے نام کے ساتھ گوکلیپ کا اضافہ کرلیا جس کا مطلب ہے خلائی ہیرو
وہ سلطان عبدالحمید ثانی کے رستے کی سب سے بڑی دیوار تھا
دونوں ایک دوسرے کے ناموں سے بھی نفرت کرتے تھے ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کے بھی روا دار نہ تھے
شائد حافظ شیرازی نے ایسے ہی موقعہ کے لئےکہا تھا
”ببیں تفاوتِ رہ از کجاست تابکجُا“۔
یعنی دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
لیکن نیرنگی دوراں کے کھیل تو دیکھئیے کہ آج شہر خاموشاں میں دونوں ایک دوسرے کے ہمسائے ہیں دونوں ایک دوسرے کے آمنے سامنے دفن ہیں
تقدیر بھی کیا کیا رنگ دکھاتی ہے اس کے کھیل اتنے نرالے بھی ہوتے ہیں
ہمیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا تھا
میں نے گوکلیپ کے بارے میں سن رکھا تھا لیکن حمزہ گوکلیپ اور اس کی شاعری سے بہت اچھی طرح واقف تھا اس نے بڑی تفصیل سے مجھے گوکلیپ کے بارے میں بتایا
ضیاء گوکلیپ اقبال کا ہم عصر تھا اور یہ دونوں قومی شاعر بھی ہیں ضیاء گوکلیپ ترکی اور اقبال پاکستان کے قومی شاعر ہیں لیکن یہ دونوں اپنی بنیادی فکر و شاعری میں ایک دوسرے کی ضد ہیں
اگر ایک وطنیت سیکولر ازم کا پیروکار ہے تو دوسرا الوحدة الإسلامیہ Pan Islamism کا علمبردار اگر گوکلیپ مذہب سے بیزاری کا درس دیتا ہے تو مذہب اقبال کی شاعری کا محور و مرکز ہے
لیکن اس کے باوجود دونوں میں بہت سی چیزیں مشترک بھی ہیں دونوں اپنی اقوام کو خودی اور طاقت اور جدیدیت کا درس دیتے نظر آتے ہیں
اگر اقبال نے کہا تھا
“ہے جرم ضیعفی کی سزا مرگ مفاجات “
تو ضیاء گوکلیپ بھی کم وبیش وہی بات کرتا نطر آتا ہے
"In the International world the weak find no sympathy; power alone deserves respect.”
“ دنیا میں کمزور کو ہمدرد نہیں ملتا عزت طاقت کو ہی ملتی ہے “
ہم نے اس گوکلیپ کی قبر پر بھی فاتحہ پڑھی جس کے نزدیک یہ ایک انتہائی فضول اور بیکار رسم تھی
جو اپنی زندگی میں قرآن و حدیث اور مذہب سے جڑی ہر چیز کو قدامت پسندی اور دور جاہلیت کی علامت سمجھتا تھا
یقیناً ہماری فاتحہ خوانی سے اسے اپنی قبر میں خوشگوار ہوا کے جھونکے محسوس ہوئے ہوں گے
هر سُخن گوشی و هر مَی ساغری دارد جدا
شربتِ سیمُرغ نتْوان در گُلویِ مور ریخت
(صائب تبریزی)
ہر سُخن اِک جدا اور علیحدہٰ کان، اور ہر شراب اِک جُدا ساغر رکھتی ہے۔۔۔
عنقا (سیمرغ )کے شربت کو چیونٹی کے گلے میں نہیں اُنڈیلا جا سکتا۔
( نیز یہ مضمون حمزہ سربلند کے ایک انگلش آرٹیکل کا اقتباس ہے جو اس نے Istanbul Diary کے نام سے لکھا تھا)
از تحریر
ڈاکٹر تصور اسلم بھٹہ