turky-urdu-logo

پاکستان کےشہر کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکہ، 24 افراد جاں بحق، 40 زخمی

جنوب مغربی پاکستان کے شہر کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر صبح کے وقت خودکش دھماکہ ہوا، پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ اُس وقت پیش آیا جب  لوگ کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین جعفر ایکسپریس کے لیے ٹکٹس خرید رہے تھے۔ دھماکے کے بعد کوئٹہ میں  ہسپتالوں اور شاہراہوں پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

دھماکے کی ذمہ داری

خودکش دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان کی دہشت گرد تنظیم بی ایل اے نے قبول کی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق  مہینوں بند رہنے کے بعد آج ہی کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو بحال کیا گیا تھا۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی مذمت

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان  سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے دھماکے کی فوری تحقیقات کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم پاکستان کی مذمت

وزیرِاعظم پاکستان کی جانب سے دھماکے کی بھرپور مذمت کی گئی، وزیرِ اعظم پاکستان نے شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی جبکہ زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا۔ وزیرِ اعظم پاکستان نے بلوچستان حکومت سے رپورٹ بھی طلب کی۔

Read Previous

صدر ایردوان کی ہالینڈ، فرانس اور ڈنمارک کے سربراہان سے ملاقاتیں

Read Next

ترکیہ کی وزارت خارجہ کی کوئٹہ میں خود کش دھماکے کی مذمت

Leave a Reply