
ریاض / اسلام آباد — برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ حالیہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہونے تک امریکا کو باقاعدہ طور پر آگاہ نہیں کیا۔ رپورٹ کے مطابق، امریکا کو اس معاہدے کے بارے میں اس وقت مطلع کیا گیا جب معاہدہ طے پا گیا اور اس پر دستخط ہو چکے تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ پیشرفت خطے کی اسٹریٹیجک صورتحال میں ایک بڑی تبدیلی سمجھی جا رہی ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے اس معاہدے میں مشترکہ تربیت، ہتھیاروں کی فراہمی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور انٹیلی جنس تعاون جیسے امور شامل ہیں۔
فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ امریکا اس اقدام پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں اس کی روایتی اتحادی پالیسیوں کے تناظر میں یہ معاہدہ واشنگٹن کے لیے غیر متوقع تھا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب کا یہ قدم اس کی خارجہ پالیسی میں بڑھتی ہوئی خودمختاری اور توازن کی حکمتِ عملی کو ظاہر کرتا ہے۔
ادھر اسلام آباد کے سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دوستانہ اور اسٹریٹیجک نوعیت کے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان یہ تعاون خطے میں امن و استحکام کے لیے ہے۔