اسلام آباد میں سعودی عرب اور ترکیہ کے سفیروں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔ سعودی عرب کے سفیر واف بن سعید المالکی نے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان اوغلو کا سعودی سفارت خانے میں پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں دونوں ممالک کے موجودہ تعلقات، خطے کی صورتحال، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی سفیر واف بن سعید المالکی نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دوطرفہ روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان اوغلو نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ اقدار، تاریخی رشتوں اور باہمی مفادات کی بنیاد پر ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت، دفاع، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
دونوں سفیروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان جاری سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنا کر خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ یہ ملاقات دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
